لاہور (بیوروچیف) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ بے ہنگم تعمیرات کی بجائے ماسٹر پلاننگ والی ہائوسنگ سکیموں کی حوصلہ افزائی کریں گے،ہائوسنگ سیکٹر کیلئے سپاشل Spatial پلاننگ اتھارٹی ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا۔
سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز چاہتی ہیں کہ عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا ہوں۔ ہائوسنگ سیکٹر کے معاملات میں شفافیت لانے کے لئے وزیراعلی خود سپاشل پلاننگ اتھارٹی کے معاملات دیکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 32 اضلاع میں پلاننگ سپورٹ سسٹم (پی ایس ایس) رائج کیا جا رہا ہے۔ جس کے تحت گرین ایریاز میں ہائوسنگ سکیم یا تمام حکومتی منصوبوں سے پہلے اجازت ضروری ہوگی۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ نجی ہائوسنگ سکیموں کے لئے درکار غیر ضروری این او سیز کا خاتمہ کیا جائے گا۔ ہائوسنگ سکیموں کا تمام ریکارڈ ڈیش بورڈ پر دستیاب ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پلاٹوں کی ٹرانسفر 100 فیصد شفاف بنائیں گے۔ کیو آر کوڈ کے ذریعے نقشے اور پلاٹ کی تفصیل دیکھی جا سکے گی۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ اراضی فرد کے اجرا کے لئے فرنچائز سروسز کے اجرا پر کام ہو رہا ہے۔ امکان ہے کہ مارچ میں اس کا آغاز ہو جائے گا اور شہریوں کو پٹواری کے پاس جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ ہائوسنگ سکیموں کے منظور شدہ ماسٹر پلان میں ٹھوس وجوہات کے بغیر تبدیلی نہیں ہونی چاہیئے۔ پورے پنجاب میں ایک سسٹم لائیں گے جس میں چھوٹے علاقوں کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔



