قطر کو پاکستان پر فخر: آصف علی زرداری ، شیخ تمیم کی ملاقات
امیر قطر کا آئندہ سال دورہ پاکستان کا اعلان، پاک، سعودیہ معاہدے بروقت قرار
دوحہ ( ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے دوحہ میں امیرِ قطر سے ملاقات کی، جس میں شیخ تمیم بن حمد الثانی نے آئندہ سال دورہ پاکستان کا اعلان کیا ہے۔ قطر کے دارالحکومت میں ہونے والی اہم ملاقات میں شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا کہ قطر کو پاکستان اور اس کی کامیابیوں پر فخر ہے۔
انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ان کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس موقع پر صدرِ مملکت نے قطر کی ترقی اور امیرِ قطر کی بصیرت افروز قیادت کو سراہا۔
امیرِ قطر نے پاکستان، سعودی عرب دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور بروقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان منفرد حیثیت رکھتا ہے جو چین، مغرب اور خلیجی ممالک سے بیک وقت تعلقات رکھتا ہے۔ صدر زرداری نے امیر قطر کو دونوں ممالک کے مابین دفاع، دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے کی تجویز دی، جس پر امیرِ قطر نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری رابطوں کی ہدایت کی۔ صدر زرداری نے قطر میں دوحا مذاکرات کی میزبانی اور افغانستان سے متعلق کردار کو سراہا۔
امیرِ قطر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان موجودہ مسائل حل کرکے حالیہ چیلنجز کو پسِ پشت ڈال دیں گے۔ انہوں نے صدرِ پاکستان کی جانب سے دعوت قبول کرتے ہوئے آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کے دورے کا اعلان بھی کیا۔
صدر آصف علی زرداری سے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمٰن الثانی نے بھی ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے پاکستان اور قطر کے مابین دفاعی اور سلامتی کی تعلقات کو تاریخی اور قابلِ فخر قرار دیا۔ صدرِ مملکت کی چین کے نائب صدر ہان ژنگ سے بھی ملاقات ہوئی، ملاقات کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، صدر نے چین کی جانب سے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، صدر نے سی پیک کے کامیاب نفاذ میں چین کے تعاون کو سراہا۔ چینی نائب صدر نے کہا کہ چین سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کی ترقی میں تعاون جاری رکھے گا، ترقی کے منصوبے ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، آئی ٹی، زراعت اور ووکیشنل تربیت جیسے شعبوں میں شامل ہوں گے۔



