رحیم یار خان: کام نہ ملنے پر باپ کی 3 بچوں کو زہر دیکر خودکشی
عبدالرحمٰن اور بیٹا شیخ زید ہسپتال میں دم توڑ گئے،2بچوں کی حالت تشویشناک،بڈھ بیر میں بدبخت نے نصیحتوں پر ماں کو گولی ماردی، بنوں میں پولیس اہلکارابرار کو قتل
رحیم یارخان،بنوں،پشاور (نمائندگان سی این این اردوڈاٹ کام)رحیم یارخان میں باپ نے 3 بچوں کو زہر دے کر خودکشی کرلی۔پولیس کے مطابق بستی پیر بخش چاچڑ میں عبدالرحمٰن نامی شہری نے اپنے 3 بچوں کو زہریلی گولیاں دے کر خودکشی کی کوشش کی،چاروں کو شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں باپ اور ایک بیٹا انتقال کر گئے جبکہ بیٹے اور بیٹی کی حالت تشویش ناک ہے۔
اہل علاقہ نے بتایا کہ عبدالرحمٰن کے دونوں بیٹے گونگے اور بہرے ہیں، عبدالرحمٰن محنت مزدوری کرتا تھا اور اسے کئی روز سے کام نہیں مل رہا تھا۔
بنوں میں ترنگ قبرستان کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار ابرار خان کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے، پولیس نے علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی اور مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
بڈھ بیر میں ایک بدبخت نے نصیحتوں سے تنگ آ کر فائرنگ کر کے اپنی ماں کو قتل کر دیا ۔ پولیس کے مطابق حبیب اللہ کی والدہ عاصمہ بی بی اسے اوباش لڑکوں کی صحبت سے دور رہنے کی تلقین کرتی تھی، ملزم نے بار بار کی نصیحتوں سے تنگ آکر اپنی ماں کو کمرے میں بند کیا اور گولی مار دی، عاصمہ بی بی کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ملزم فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔



