لاہور(سلمان حسین)وزیراعلیٰ مریم نواز نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کومالی خود مختاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ضروری اقدامات کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ میں جاری ترقیاتی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں پنجاب یوتھ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔
صوبے بھر میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ اور یوتھ انٹرن شپ پروگرامز کے لئے جامع پلان طلب کر لیا ۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے۔
سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملازمین کی تنخواہوں میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔ خواتین کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع ملیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے ترقی اور امن کے لیے کھیلوں کا عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ کھیلوں کے عالمی دن کو منانے کا مقصد دنیا میں امن کا فروغ ہے۔
سپورٹس ایونٹس معاشرے میں امن اور ترقی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ ہر کمیونٹی کی سماجی ترقی اور امن کو فروغ دینے کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں کو امن کے طورپر منایا جاتا ہے۔امن اور کھیل لازم و ملزوم ہیں امن ہوگا تو کھیل ہوں گے۔پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کھیلتا پنجاب پروگرام شروع کیا گیاہے۔
کھیل کے لئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کئے جائیں گے۔پنجاب میں پنک گیمز امن اور مساوی ترقی کا استعارہ ہیں۔ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے گراؤنڈ اور جمنیزیم بنا رہی ہے۔ پنجاب میں 300 گراؤنڈ اور سپورٹس کمپلیکس بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ ز کو مزید بڑھا ئیں گے۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی کینٹ کے شہریوں کو بین القوامی معیار کے علاج اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کلثوم نواز ہسپتال بنانے کی منظوری دے دی۔
باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چوہڑ چوک میں واقع پرانے جی ٹی ایس کے اڈے کی جگہ پر راولپنڈی کینٹ کے دل میں واقع 36 کنال زمین پر تیس سو بیڈ پر مشتمل اسپتال کی تعمیر کے حوالے سے پی سی ون تیار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میگا پروجیکٹ کی تعمیر کا آغاز رواں برس میں کیا جائے گا جبکہ پبلک سروس ڈویلپمنٹ پروجکیٹ پی ایس ڈی پی میں اس پروجیکٹ کی رقم کو منظور کیا جائے گا۔
اسپتال میں دل کے مریضوں کا وارڈ بھی بنایا جائے گا جبکہ کلثوم نواز اسپتال کی تعمیر سے راولپنڈی کی مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ ٹیکسلا اٹک ہری پور فتح جنگ ترنول حسن ابدال گولڑہ کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔
رکن قومی اسمبلی ملک ابرا اور رکن صوبائی اسمبلی ملک افتخار کا کہنا ہے کہ قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کے ویژن کے مطابق راولپنڈی کو ترقی یافتہ شہر بنائیں گےانہوں نے کہا کہ اس پروجکیٹ کے لئے خصوصی فنڈز جاری کیے جائیں گے جبکہ وزیر اعظم شہاز شریف اس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔



