انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

پاکستان اور بھارت میں جنگ بند:ٹرمپ کی بھی تصدیق

ذہانت کے استعمال پر دونوں ممالک کو مبارکباد:امریکی صدر،سیز فائر کا اطلاق فوری ہوگا:اسحاق ڈار،بھارتی سیکرٹری خارجہ نے بھی تصدیق کردی

واشنگٹن،اسلام آباد:(ویب ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت فوری اور مکمل سیز فائر کے لیے تیار ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی صدر نے اس بات کا انکشاف کیا۔

ایکس پر بیان میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے رات بھر ثالثی کی اور مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ بھارت اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کامن سینس اور عظیم ذہانت کے استعمال پر دونوں ممالک کو مبارکباد۔

ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ!

ادھر، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایکس پر بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران امریکی نائب صدر اور میں نے سینئر بھارتی اور پاکستانی عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی، جن میں وزیر اعظم نریندر مودی اور شہباز شریف، وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر، چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر، اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور عاصم ملک شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان اور بھارت نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے اور ایک نیوٹرل مقام پر وسیع مسائل پر بات چیت شروع کر دی۔

دریں اثنا، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے بتایا کہ سیز فائر کا اطلاق فوری ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔

بعد ازاں، بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے ایک بیان میں جنگ بندی کی تصدیق کر دی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز سے سہ پہر 3 بج کر 35 منٹ پر رابطہ ہوا، انہوں نے اتفاق کیا ہے کہ دونوں فریق تمام قسم کی فائرنگ اور زمینی، بحری اور فضائی فوجی کارروائیاں روک دیں گے۔

واضح رہے کہ آج علی الصبح پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ’آپریشن بنیان مرصوص‘ (آہنی دیوار) شروع کردیا تھا اور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور ایس 400 میزائل دفاعی نظام کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کے عوام اور مساجد کو جن ایئربیسز سے ٹارگٹ کیا گیا تھا، ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فجر کے وقت دشمن کے خلاف آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کا آغاز کیا گیا اور بھارت پر فتح ون میزائل فائر کیے گئے تھے۔

اسی طرح پاکستانی میزائلوں سے بیاس کے علاقے میں براہموس اسٹوریج سائٹ تباہ کردی گئی تھی، جبکہ پاک فوج نے پٹھان کوٹ میں ایئرفیلڈ کو بھی تباہ کردیا، راجوڑی اور نوشہرہ میں پاکستان میں دہشت گردی کروانے والے بھارتی ملٹری انٹیلی جینس کے تربیتی مراکز بھی تباہ کر دیے گئے تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button