دبئی: قانونی ذرائع سے زرمبادلہ بھیجنے کیلئے نیشنل بینک پاکستان اور الانصاری ایکسچینج کی آگاہی مہم

دبئی (حافظ زاہد علی) متحدہ عرب امارات کے علاقے جبل علی میں نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) اور الانصاری ایکسچینج کے زیر اہتمام قانونی ذرائع سے پاکستان زرمبادلہ بھیجنے کے حوالے سے ایک آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو ہنڈی حوالہ جیسے غیر قانونی ذرائع سے اجتناب اور بینکنگ چینلز کے استعمال کی ترغیب دینا تھا۔

تقریب میں پاکستان قونصلیٹ دبئی کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان، قونصلر معظم خان اور معروف سماجی و کاروباری شخصیت ڈاکٹر ظفر طاہر نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پاکستانی کمیونٹی، کاروباری شخصیات، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور بڑی تعداد میں محنت کش بھی موجود تھے۔
اس موقع پر نیشنل بینک آف پاکستان یو اے ای کے مارکیٹنگ ہیڈ راشد الاسلام نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہنڈی اور حوالہ کے ذریعے بھیجی جانے والی رقوم غیر قانونی ہیں، جن سے نہ صرف قومی معیشت کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بھی متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قانونی بینکنگ ذرائع کے ذریعے رقوم وطن بھیج کر قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، اور یہی طریقہ محفوظ، شفاف اور قومی مفاد کے مطابق ہے۔

مہمانانِ خصوصی علی زیب خان اور ڈاکٹر ظفر طاہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اماراتی حکومت کے شکر گزار ہیں جس نے اوورسیز پاکستانیوں کو روزگار اور ترقی کے بہترین مواقع فراہم کیے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے خون پسینے کی کمائی قانونی ذرائع سے وطن بھیج کر نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہے ہیں بلکہ قومی معیشت کو بھی مضبوط بنا رہے ہیں۔

تقریب کے دوران محنت کشوں کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات بھی تقسیم کیے گئے، جبکہ فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کر کے شرکاء سے بھرپور داد وصول کی۔
منتظمین کے مطابق قانونی ذرائع سے زرمبادلہ بھیجنے کے حوالے سے آگاہی مہم دبئی کے مختلف لیبر کیمپس میں بھی جاری رہے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ اوورسیز پاکستانیوں تک یہ پیغام پہنچایا جا سکے۔



