پنجاب میں آ ج سے 4 مئی تک گرد آلود ہوائیں چلنے، بارش کا امکان
لاہور، قصور ،سیالکوٹ،نارووال، اوکاڑہ ،فیصل آباد ٹوبہ ٹیک سنگھ جھنگ خوشاب سرگودھا اور میانوالی میں آندھی و بارشوں کی توقع ہے:پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا
لاہور(بیوروچیف)پی ڈی ایم اے پنجاب نے آندھی اور بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔ 30 اپریل سے 4 مئی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہائوالدین، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
لاہور، قصور ،سیالکوٹ،نارووال، اوکاڑہ ،فیصل آباد ٹوبہ ٹیک سنگھ جھنگ خوشاب سرگودھا اور میانوالی میں آندھی و بارشوں کے امکانات ہیں. 2 سے 4 اپریل کے درمیان جنوبی پنجاب ملتان ڈیرہ غازی خان بہاولپور اور بہاولنگر میں بارش طوفان اور جھکڑ چلنے کی پیشگوئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ سکول ایجوکیشن ،محکمہ صحت آبپاشی تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ،واسا ،پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔
شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔



