اسرائیلی وزیراعظم کا بیان اشتعال انگیز،القدس فلسطین کا دارالحکومت رہےگا:پاکستان
فلسطینی عوام کے حقوق کے لئے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے، عالمی برادری اسرائیل کو جواب دہ ٹھہرائے: اسحاق ڈار، مصر، ترکیہ، ایران کے وزرائے خارجہ سے رابطے
اسلام آباد(ویب ڈیسک)اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نتین یاہو کی جانب سے سعودی عرب کے اندر فلسطینی ریاست قائم کرنے کی تجویز پر پاکستان نے بھی شدید ردعمل دیااور بیان کو غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہاہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کا بیان اشتعال انگیز، غیر سنجیدہ اور ناقابل قبول ہے، پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے جائز حق کی حمایت کرتا ہے۔اسحق ڈار نے کہا پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، سعودی عرب کے فلسطین کاز کے لئے غیر متزلزل عزم کو غلط رنگ دینا افسوسناک ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا فلسطینی عوام کا 1967سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق آزاد ریاست کا حق مسلمہ ہے، القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہے اور رہے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں کی بےدخلی کی کوئی بھی تجویز عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستانی حکومت نے اپنے غیر متزلزل موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لئے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی تاکہ فلسطین کے مسئلے کا ایک منصفانہ، جامع اور پائیدار حل تلاش کیا جا سکے۔
مسئلہ فلسطین میں نئی اور خطرناک پیش رفت پر تبادلہ خیال کے لئے 27 فروری کو ایک ہنگامی عرب سربراہی اجلاس قاہرہ میں ہوگا۔ مصری وزارت خارجہ نے اتوار کو کہا کہ قاہرہ 27 فروری کو ایک ہنگامی عرب سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا جس میں مسئلہ فلسطین میں نئی اور خطرناک پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا،وزارت خارجہ کے مطابق، مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعطی واشنگٹن کے لئے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اور کانگریس کے اراکین کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
اسحاق ڈار نے مصر کے وزیرخارجہ کو فون کرکے غزہ کی بحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور اس حوالے سے مصر سے مکمل اظہار یک جہتی کیا۔ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور مصر کے ساتھ پاکستان کی طرف سے مکمل یک جہتی کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار اور ایرانی ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا،ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق اسحاق ڈار سے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ٹیلی فون رابطہ کیا جس میں دونوں وزراء نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر خصوصی توجہ مرکوز کی، فریقین نے غزہ میں فلسطینیوں کی مسلسل حالت زار پر تبادلہ خیال کیا۔



