لاہور(ویب ڈیسک ) پنجاب میں بڑے زمینداروں پر ’’سپر ٹیکس ‘‘ لگانے کے حوالے سے ’’پنجاب ایگریکلچرانکم ٹیکس (ترمیمی ) بل 2024‘‘کو پنجاب اسمبلی سے منظوری کے لئے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ۔ صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن مذکورہ بل کو ایوان میں پیش کریں گے۔ صوبائی وزیر خزانہ ’’پنجاب ایگریکلچرانکم ٹیکس (ترمیمی ) بل 2024‘‘کو کسی کمیٹی میں بھیجے بغیر ایوان سے فوری منظوری کے لئے پنجاب اسمبلی کے رولز آف پروسیجر 1997ءکے رولز 93،94اور 95 اور ان سے متعلقہ تمام رولز کو رول 234کے تحت معطل کرنے کی استدعا کریں گے۔ سپیکراس حوالے سے قانون میں دیئے گئے اختیارات کا استعمال کر سکتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی رولز آف پروسیجر 1997میں گزشتہ ماہ ہونے والی ترمیم کے بعد ’’پنجاب ایگریکلچرانکم ٹیکس (ترمیمی ) بل 2024‘‘ کے آج ایوان میں پیش ہونے اور اس کی منظوری کی کاروائی کے دوران کسی رکن اسمبلی کو پوائنٹ آف آرڈر کی اجازت نہیں ہوگی۔



