لاہور، مرید کے، فیصل آباد، چناب نگر، اوکاڑا، رحیم یار خان، ( بیورو چیف/نمائندگان) مختلف ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت 11افراد لقمہ اجل بن گئے۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں پہلا حادثہ خانوآنہ بائی پاس چوک سے روشن والا روڈ پر 237ر۔ ب کھڈیاں وڑائچاں کے قریب پیش آیا جہاں پر 302گ۔ ب ٹوبہ ٹیک سنگھ کا رہائشی 40سالہ ابرار اصغر اہلیہ 35سالہ شگفتہ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ کھڈیاں وڑائچاں کے قریب گاڑی کی ٹکر لگنے سے گر کر بری طرح زخمی ہو گئے۔
ریسکیو1122کی ٹیم موقع پر پہنچی تو میاں بیوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکے تھے۔ دوسرا حادثہ تھانہ بلوچنی کے علاقہ شیخوپورہ روڈ پر 70ر۔ ب کے قریب پیش آیا جہاں کار کی ٹکر لگنے سے لوڈر رکشہ کا ڈرائیور شہزاد زندگی کی بازی ہار گیا۔ تیسرا حادثہ سمندری کے علاقہ 486گ۔ ب کے قریب پیش آیا، ٹریکٹر ٹرالی اور شہ زور ڈالے میں تصادم ہوا تو شہ زور ڈالہ کا ڈرائیور طارق محمود سکنہ 203ر۔ ب بری طرح زخمی ہو گیا۔
جسے ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ دوسری جانب لاہور میں ڈیفنس سی کے علاقے میں ریس لگاتی دو تیز رفتار کاروں نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا جبکہ ڈرائیور گاڑیوں سمیت فرار ہو گئے۔ جاں بحق شخص کی شناخت 56سالہ ارشاد اور زخمی کی 50سالہ محمد یونس کے نام سے ہوئی ہے۔
ادھر رحیم یار خان کے علاقے جمال دین والی بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 4ہوگئی۔ ہسپتال میں زیر علاج ایک مریض دم توڑ گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بس 2زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ مزید برآں چناب نگر کے نواحی علا قہ کا رہائشی 34سالہ محمد پرویز گزشتہ روز کسی کام کے سلسلہ میں شہر کام سے گیا اور واپس آرہا تھا کہ راستے میں سرگودہا روڈ پر پھٹے سٹاپ کے قریب سے تیز رفتاری کے باعث سامنے سے آنے والے ڈمپر سے ٹکرا گیا، جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
مریدکے میں سرکاری سکول کی آٹھویں جماعت کی طالبہ سکول جانے کے دوران سڑک کراس کرتے ہوئے ٹرک کی زد میں آکر زندگی سے محروم ہو گئی، دوسرے حادثات میں بھی ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ6افراد زخمی ہو گئے۔
ادھر پنڈی بھٹیاں کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے ٹکر مار کر ادھیڑ عمر شخص کو ہلاک کر دیا، پچاس سالہ خضر حیات سڑک کراس کر رہا تھا۔ اوکاڑہ میں بھی تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیدل جانے والا ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔



