لاہور(بیوروچیف)ایف آئی اے کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل پشاور نے رواں سال لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے اہم کارندے کو گرفتار کرلیا ۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی شناخت نواب خان کے نام سے ہوئی ہے، وہ اور اس کے ساتھی افریقہ اور خلیجی ممالک سے انسانی سمگلنگ کا گینگ چلا رہے تھے۔
ملزم نے ساتھیوں کی ملی بھگت سے متعدد شہریوں کو یورپ بھجوانے کیلئے بھاری رقوم وصول کیں اور انہیں سمندر کے راستے یورپ بھجوانے کی کوشش کی۔
کشتی حادثے میں خیبر پختونخواسے تعلق رکھنے والے متعدد شہریوں کی موت واقع ہوئی۔ملزم کے موبائل فون سے ویڈیوز، تصاویر، میسیجز اور بینک ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ ملا ہے۔
ملزم کےزیر استعمال بینک اکانٹس کا سراغ لگا لیا گیا ہے جو قانونی کارروائی کے بعد منجمد کر دیے جائیں گے۔ ملزم کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم افغان شہری ہے جس نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کر رکھا تھا، ملزم منی لانڈرنگ میں بھی ملوث پایا گیا، ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



