غزہ:اسرائیلی بمباری،مزید 44فلسطینی شہید،118زخمی
بمباری میں عوامی مقامات کا نشانہ بنایا گیا، برطانیہ اور فرانس نے سکیورٹی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا
غزہ :(ویب ڈیسک )اسرائیل نے غزہ کے مختلف علاقوں میں خیمہ بستیوں، بازار اور دیگر عوامی مقامات پر بمباری کی جس کے باعث خواتین اور بچوں اور حماس ترجما ن سمیت مزید 44فلسطینی شہید اور 118زخمی ہو گئے۔
صیہونی طیاروں نے امدادی مراکز میں کھانا لینے کیلئے جمع بے گھر افراد کو بھی نشانہ بنایا،دریں اثنا برطانیہ اور فرانس نے غزہ میں انسانی صورتحال اور امدادی کارکنوں کے تحفظ پر بات کرنے کیلئے سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے لبنان کے سرحدی علاقے میں بھی ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں حزب اللہ کمانڈر سمیت 4افراد جاں بحق ہو گئے۔
امریکہ میں فلسطین کے حامی غیرملکی طلبہ کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیاگیا اور 300طلبہ کے ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ویزے منسوخ کیے جانے کی تصدیق کی اور کہا کہ ہم ان افراد کا پیچھا کر رہے ہیں جو جنونی ہیں، ایسے افراد جہاں بھی نظر آئیں گے ان کا ویزا منسوخ کر دیا جائے گا۔
انسانی حقوق کے کارکنوں نے ٹرمپ انتظامیہ کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔انسانی حقوق کے وکلاکا کہنا ہے کہ طلبہ کی گرفتاریاں اور ویزا منسوخی نہ صرف جمہوری اقدار کے منافی اقدام ہے بلکہ آزادی اظہار پر قدغن لگانے کی کوشش بھی ہے۔



