لاہور (بیوروچیف) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے عظمی بخاری کی فیک ویڈیو وائرل کرنے کے مقدمہ میں ملزم علی حسن طور کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے علی حسن طور کی طرف سے دلائل دیئے ۔عدالت نے ملزم کودس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے ترمیمی آرڈیننس 2025 کے ذریعے سیف سٹی کیمروں کے ای چالان کیخلاف درخواست پر سماعت کی،پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کر دی ۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ستار ساحل نے عدالت کو بتایا درخواست گزار پہلے ہی اسی نوعیت کی درخواست دائر کر چکا ہے۔
عدالت اسی نوعیت کی درخواست منظور کرچکی جس کے خلاف حکومت نے اپیل دائر کی ہے، جبکہ دو رکنی بنچ میں بھی اسی طرح قانونی نکات زیر سماعت ہیں ۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے پنجاب میں او ایس ڈی افسران کی فہرست6 مئی کو طلب کرلی،درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ او ایس ڈی افسران کی تعیناتیاں نہیں کی جارہی ہیں، افسران بغیر ڈیوٹی حکومتی خزانے سے تنخواہیں وصول کررہے ہیں،عدالت نے ریمارکس دئیے کیس کا جلد فیصلہ کردیں گے ۔



