بھارت نے حملہ کیا تو وہ خود ٹکڑوں میں بٹ جائیگا:گورنر پنجاب
بہت جلد مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرائیں گے، حملے کی وجہ سے بھارتی پنجاب آزاد ہو کر خالصتان بن جائے گا:سردار سلیم خان
لاہور(بیوروچیف)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو وہ خود ٹکڑوں میں بٹ جائے گا اور اس حملے کی وجہ سے بھارتی پنجاب آزاد ہو کر خالصتان بن جائے گا اور اس کے ساتھ مقبوضہ کشمیر بھی آزاد ہو جائے گا۔
حسن ابدال میں شیر میسور ٹیپو سلطان شہید کی 226 ویں برسی پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا تاریخ ہمیشہ ان کو یاد رکھتی ہے جوحق کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں ۔ ٹیپو سلطان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جان اﷲ کے سپرد کی اور ان کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ہر دور میں میر جعفر اور میر صادق جیسے لوگوں نے امت مسلمہ کو شدید نقصان پہنچایا مگر حق کے ساتھ کھڑے رہنے والوں کا نام تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہا۔
موجودہ حالات میں قوم کا ہر فرد پاک فوج کے ساتھ ہے اور اگر جنگ ہوئی تو ہم عزت کی موت پسند کریں گے۔ بہت جلد ہم بھارتی پنجاب اور مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرائیں گے اور بھارتی پنجاب کو آزاد کروا کر خالصتان بنائیں گے۔



