لاہور:(بیوروچیف)انارکلی پولیس نے پردیسی تاجر کو تشدد کر کے لوٹنے والے 3پولیس اہلکاورں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق متاثرہ تاجرمشتاق احمد کاروباری سلسلے میں انار کلی آیا تھا جہاں پولیس اور ڈولفن فورس کے پانچ اہلکاروں نے اسے روکا، تشدد کا نشانہ بنایا اور رقم کا مطالبہ کرتے رہے۔
بعد ازاں اہلکاروں نے تاجر کو اے ٹی ایم پر لے جا کر ایک لاکھ روپے نکلوا لیے اور پھر رہا کر دیا۔ تاجر کی درخواست پر معاملے کی فوری تحقیقات کی گئی اور مقدمہ درج کر کے تین اہلکاروں عمران، عثمان اور محسن کو حراست میں لے لیا گیا، دیگر نامزد اہلکاروں میں آفتاب اور ایک ڈولفن اہلکار شامل ہیں جن کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔
پولیس کو ملنے والی واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر اہلکاروں کو اے ٹی ایم کے باہر پہرہ دیتے ہوئے اور متاثرہ تاجر کو اندر بھیجتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ترجمان پولیس نے کہا کہ لاہور پولیس عوام کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور کسی بھی اہلکار کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا، واقعہ ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



