جنگ گروپ سے سینکڑوں کارکن اچانک فارغ،صحافی تنظیموں ،ایم ڈبلیو او کا احتجاج،تحریک کا اعلان
لاہور:(بیوروچیف)صحافی تنظیموں اور میڈیا ورکرزنے جنگ گروپ کی جانب سے سینکڑوں صحافیوں کا معاشی قتل قابل مذمت قرار دیتے ہوئے تحریک چلانے کا اعلان کردیا ۔پنجاب یونین آف جرنلسٹس (دستور) نےجنگ گروپ انتظامیہ کی طرف سے روزنامہ وقت،روزنامہ عوام اور روزنامہ انقلاب کے بعداب روزنامہ آوازکوبھی بندکرنے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔ایم ڈبلیو او تنظیم کے صدرعدنان شوکت اوردیگر کارکنوں نے بھی جنگ گروپ کے اقدام کی بھرپور مخالفت کی ہے ۔
پنجاب یونین آف جرنلسٹس(دستور) کے صدرمحمدصابر،جنرل سیکرٹری رحمان بھٹہ،نائب صدورشہزادہ خالد،احسان بھٹی ،میاں علی افضل،فنانس سیکرٹری طارق جمال، جوائنٹ سیکرٹریز عباداللہ بابربٹ، خواجہ سرمدفرخ، جاویدحاکم وارکان مجلس عاملہ نے مذمتی بیان میں کہاہے کہ جنگ گروپ انتظامیہ نے ایک بارپھر سینکڑوں خاندانوں کا معاشی قتل کیاہے۔
روزنامہ آوازلاہورکومکمل طور پربند کردیاگیاہے جبکہ لاہور سٹیشن سے مجموعی طور پر 127میڈیاورکرز کوبلاوجہ برطرف کیاگیاہے اسی طرح راولپنڈی سٹیشن سے 31 کارکنان جبکہ کوئٹہ سے بھی صحافتی کارکنان کو ظالمانہ اقدام کے تحت بے روزگار کیاگیاہے ، تمام برطرف ملازمین کو فوری بحال کیا جائے اور تمام واجبات بھی فوری ادا کیے جائیں بصورتِ دیگر یونین جنگ گروپ کیخلاف احتجاج پر مجبور ہوگی ۔
دریں اثنا لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر افضال طالب ، نائب صدر صائمہ نواز، سیکرٹری زاہد عابد ، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈ ی نے جنگ گروپ سے صحافی کارکنان کی برطرفیوں اور روزنامہ آواز کی بندش کرتے ہوئے تمام سٹاف فارغ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے کہا ہے کہ میڈیا انڈسٹری میں معاشی بحران کا تاثر دے کر صحافیوں کا استحصال کسی صورت قابل قبول نہیں ۔صدر ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ جنگ انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے ورنہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو بے روزگار کرنے پر لاہور پریس کلب، پی ایف یو جے، پی یو جے اور پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے مشترکہ پلیٹ سے احتجاج کیا جائے گا۔

دریں اثنا پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ،جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، سینئر نائب یوسف رضا عباسی ، نائب صدر ندیم زعیم ، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ،شیر علی خالطی ، خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے جنگ گروپ میں خوفناک چھانٹیوں اور روزنامہ آواز کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے میر شکیل الرحمن کی یہ پرانی روایت ہے کہ یہ معاشی مشکلات کا رونا رو کر اس کا سارا نزلہ غریب ملازمین پر گراتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے اس معاشی قتل کے خلاف پی یوجے اور لاہور کی صحافی کمیونٹی خاموش تماشائی نہیں رہے گی۔ اس حوالے سے فوری طور پر احتجاج سمیت عدالت میں قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے گی۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت سمیت سندھ ، کے پی کے اور بلوچستان کی حکومتیں جنگ گروپ کو فوری طور پر اشتہارات کا اجرا روکیں اور جو اشتہارات کے بقایا جات ہیں ان کی ادائیگی روکی جائے۔ ایگزیکٹو کونسل نے فوری پر پنجاب یونین آف جرنلسٹس اور جنگ گروپ کے کارکنوں کا مشاورتی اجلاس کل بروز اتوار شام پانچ بجے لاہور پریس کلب میں طلب کیا ہے جس میں اس صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
پاکستان فیڈریشن یونین آف جرنلسٹس ورکرزکے صدر شاہد شمیم ،جنرل سیکرٹری راجا ریاض اور دیگر عہدیداران نے کہا ہے کہ صحافیوں کا معاشی قتل کسی صورت قبول نہیں۔

علاوہ ازیں پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر میاں شاہد ندیم ،جنرل سیکرٹری قاضی طارق عزیز اور دیگر نے میر شکیل الرحمٰن کے اثاثے منجمد کرنے کا مطالبہ کردیا۔




