چند دن قبل چین نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا اجلاس منعقد کیا ۔ جہاں علاقائی رہنمائوں بشمول نریندر مودی نے بھر پور شرکت کی۔
اور اگلے ہی دن بیجنگ کے تیانانمن اسکوائر پر جاپان کی دوسری عالمی جنگ میں ہتھیار ڈالنے کی 80 ویں سالگرہ منانے کے لیے ایک عظیم الشان فوجی پریڈ کا اہتمام کیا گیا، جسے قومی آزادی اور استقامت کے لمحے کے طور پر پیش کیا گیا۔ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں، یہ دونوں تقریبات محض یادگاریں نہیں بلکہ چین کے سفارتی اثر و رسوخ، فوجی طاقت، اور نئے عالمی نظام کے قیام کی خواہش کا ایک سوچا سمجھا مظاہرہ سمجھا گیا ۔ ایس سی او اجلاس میں روس کے ولادیمیر پوٹن اور شمالی کوریا کے کم جونگ ان جیسے رہنماؤں کی شرکت نے چین کو امریکہ کی قیادت والے عالمی نظام کو چیلنج کرنے والی قوتوں کے مرکز کے طور پر پیش کیا۔ بیجنگ کی پریڈ، جو چین کی اب تک کی سب سے بڑی پریڈ تھی، نے جدید ہتھیاروں اور احتیاط سے منتخب کردہ مہمانوں کی فہرست کے ذریعے شی کے ناقابل تسخیر چینی بحالی کے وژن کو تقویت دی۔
اپنی پریڈ تقریر میں، شی نے اعلان کیا، "چین ایک عظیم قوم ہے جو کبھی بھی دھونس سے نہیں ڈرتی۔ چینی قوم کو روکنا ناممکن ہے ، اور امن و ترقی کا انسانی مقصد غالب آئے گا۔” یہ بیانات، جو امن، مکالمے، اور باہمی فائدے پر زور دیتے ہیں، مغرب مخالف منظرنامے کے برعکس تھے، جہاں زیادہ تر مشرق اور عالمی جنوب کے رہنما ایک ساتھ کھڑے تھے جبکہ مغربی ہم منصبوں کی اکثریت غیر حاضر تھی۔ ان تقریبات نے واشنگٹن اور برسلز میں تشویش کی لہر دوڑا دی، جس نے بیان بازی، حکمت عملی کی ازسرنو ترتیب، اور سفارتی اقدامات کا ایک سلسلہ شروع کیا۔
چین میں منعقد ہونے والے ایس سی او اجلاس نے رکن ممالک، بشمول روس،، پاکستان ، بھارت، اور وسطی ایشیائی ممالک، اور ایران اور شمالی کوریا جیسے مبصرین کے رہنماؤں کو اکٹھا کیا۔ 2001 میں قائم ہونے والی یہ تنظیم علاقائی سلامتی اور معاشی تعاون کے لیے بنائی گئی تھی، لیکن 2025 کا اجلاس مغربی اثر و رسوخ کے مقابلے میں ایک پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا۔ اجلاس میں مغربی پابندیوں کے خلاف مزاحمت، تجارت کو بڑھانے اور فوجی رابطوں کو مضبوط کرنے پر توجہ دی گئی، جو امریکہ اور یورپ کی بالادستی کے لیے براہ راست چیلنج تھا۔ چینی صدر شی کا
community of common destiny
پر زور چین کے کثیر قطبی یا ملٹی پولر دنیا کی قیادت کے عزائم کو واضح کرتا ہے، جو عالمی جنوب یا گلوبل سائوت کو زیادہ منصفانہ عالمی نظام کا وعدہ کرتا ہے۔
اگلے دن بیجنگ میں ہونے والی پریڈ قومی فخر اور فوجی طاقت کا ایک شاندار مظاہرہ تھی۔ عظیم چینی رہنما ماؤ زے تنگ کی طرز کے لباس میں ملبوس شی نے ایک کھلی گاڑی سے فوجی دستوں کا معائنہ کیا، جس کے ساتھ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل، زیر آب ڈرونز، اور جدید لڑاکا طیاروں کی نمائش کی گئی، جن میں سے کچھ پہلی بار پیش کیے گئے۔ یہ پریڈ نہ صرف چین کے دوسری عالمی جنگ کے کردار کی یادگار تھی بلکہ اس کا مقصد دوہرا تھا: اندرونی طور پر، اس نے معاشی چیلنجوں جیسے کہ سست ترقی اور نوجوانوں کی بے روزگاری کے درمیان قوم پرستی کو ہوا دی؛ بین الاقوامی طور پر، اس نے عالمی اصولوں کو تبدیل کرنے کی چین کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ تائیوان نے تقریب کی لاگت 5 بلین ڈالر تک لگائی، اور تنقید کی کہ چین اسے اپنے لوگوں کی بہتری کے لیے خرچ کر سکتا تھا۔
مہمانوں کی فہرست ایک واضح پیًام تھی۔ پوٹن اور کم جونگ ان، جنہیں امریکی عالمی نظام کو مسترد کرنے والوں کے طور پر بیان کیا گیا، شی کے ساتھ نمایاں طور پر کھڑے تھے، جبکہ صرف سلواکیہ کے رابرٹ فیکو اور سربیا کے الیکساندر ووچیچ نے یورپ کی نمائندگی کی، جو ان کی چین اور روس کے ساتھ قربت کو ظاہر کرتا ہے۔ بڑے مغربی رہنماؤں کی غیر موجودگی نے اجلاس کی انفرادیت کو واضح کیا۔ پوٹن اور کم کے درمیان ایک سائیڈلائن ملاقات، جہاں پوٹن نے یوکرین کی جنگ میں مدد کے لیے شمالی کوریائی فوجیوں کے لیے شکریہ ادا کیا، اس پر مغربی سیکیورٹی تجزیہ کار اینڈریا کینڈل ٹیلر نے اسے Axis of Upheaval کا نام دیا ۔
دوسری طرف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل واضح اور اشتعال انگیز تھا۔ اپنی سوشل میڈیا سائٹ ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں، انہوں نے شی پر دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکہ کے کردار کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا، لکھا، "صدر شی اور چین کے شاندار لوگوں کو ایک عظیم اور دیرپا جشن کا دن مبارک ہو۔ براہ کرم ولادیمیر پوٹن اور کم جونگ ان کو میری گرمجوشی سے مبارکباد دیں جب آپ امریکہ کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔” اس طنزیہ بیان نے ایس سی او اجلاس اور پریڈ کو امریکہ مخالف سازش کے طور پر پیش کیا. مگر صدر پوٹن نے اسے ٹرمپ کی حس ظرافت یا good sense of humor قرار دیا۔
جبکہ مغربی سیکیورٹی ماہرین جیسے اینڈریا کینڈل ٹیلر شی کے امن یا جنگ کے بیانات کو ٹرمپ کے لیے براہ راست چیلنج سمجھتے ہیں، خاص طور پر تائیوان کے حوالے سے۔ انہوں نے کہا، "شی ٹرمپ کے عزم کو آزما رہے ہیں۔ وہ اشارہ دے رہے ہیں کہ تائیوان کا دفاع جنگ کا باعث بن سکتا ہے، جبکہ اثر و رسوخ چھوڑنا ٹرمپ کے امن کے ایجنڈے سے مطابقت رکھتا ہے۔” مغربی میڈیا کے مطابق پریڈ میں جدید ہتھیاروں کی نمائش نے چین کے فوجی عزائم کے بارے میں امریکی خدشات کو بڑھا دیا ہے ۔ پینٹاگون نے نوٹ کیا کہ نئے میزائل اور ڈرون عالمی، نہ کہ صرف علاقائی، بالادستی کی طرف اشارہ کرتے ہیں، جو یوکرین اور مشرق وسطیٰ کے عہدوں سے پہلے ہی دباؤ میں ہیں۔
کواڈ (امریکہ، جاپان، بھارت، آسٹریلیا) اور آکس اتحادوں نے جنوبی بحیرہ چین میں بحری مشقوں کو تیز کرتے ہوئے شی کی دفاعی نمائش کا جواب دینے کی کوشش کی تو دوسری طرف خبریں ہیں کہ امریکی کانگریس چین کے عروج کے مقابلے کے لیے دفاعی بجٹ بڑھانے پر زور دے رہی ہے۔ معاشی طور پر، روس کی جنگ کی کوششوں سے منسلک چینی فرموں پر پابندیاں بڑھائی گئی ہیں، اور دوہرے استعمال کی برآمدات کو روکنے کے لیے نئے محصولات تجویز کیے گئے ہیں۔ تاہم مغربی تجزیہ کاروں کو لگتا ہے کہ ٹرمپ کے تنہائی پسند رجحانات طویل مدتی عزم کے بارے میں شکوک پیدا کرتے ہیں، کچھ کو خدشہ ہے کہ تائیوان پر خاص طور پر چین کو جگہ دینے والا امن معاہدہ ہو سکتا ہے۔
ادھر یورپی رہنما، جو بیجنگ پریڈ میں تقریباً غیر حاضر تھے، نے ایس سی او اجلاس اور چین کے روس، شمالی کوریا، اور ایران کے ساتھ اتحاد پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے ان تقریبات کو ایک جھٹکا قرار دیا، کہا، "یہ صرف مغرب مخالف منظرنامے نہیں ہیں۔ یہ قواعد پر مبنی بین الاقوامی نظام کے لیے براہ راست چیلنج ہے۔ یورپی قائدین سمجھتء ہیں کہ روس کی یوکرین جنگ کو چینی حمایت حاصل ہے۔” یورپ کا بنیادی خدشہ چین کی روس کی جارحیت کی مدد حاصل ہے اور اس کی ایس سی او اجلاس میں فوجی تعاون پر بات چیت کے ذریعے بالواسطہ طور پر توثیق کی گئی۔
یورپی یونین کا ردعمل سفارتی، معاشی، اور سیکیورٹی کے شعبوں میں شدت سے نظر آیا ۔ سفارتی طور پر، زیادہ تر رہنماؤں نے شی کے بیانیے کو جائز نہ دینے کے لیے پریڈ کا بائیکاٹ کیا، صرف دو مغربی رہنمائوں نے شرکت کی۔ معاشی طور پر، یورپی یونین نے اپنی ڈی رسکنگ حکمت عملی کو تیز کیا، چینی الیکٹرک گاڑیوں پر محصولات عائد کرنے اور چینی سپلائی چینز پر انحصار کم کرنے کے لیے ریاستی سبسڈیوں پر غور شروع کر دیا ہے ۔ سیکیورٹی کے لحاظ سے، نیٹو کی 2024 میں چین کو ایک سیسٹیمیٹک چیلنج قرار دینے کی اہمیت بڑھ گئی ہے، فرانس، جرمنی، اور برطانیہ جیسے ممالک جاپان اور آسٹریلیا جیسے اتحادیوں کے ساتھ مشترکہ مشقوں کے ذریعے بحر ہند-پیسفک میں فوجی موجودگی بڑھا رہے ہیں۔
مرکاٹر انسٹی ٹیوٹ فار چائنا اسٹڈیز کی لیڈ تجزیہ کار ہیلینا لیگارڈا نے عالمی جنوب کے لیے چین کی کششش کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہط ” صدر شی چین کو ہیجمونزم کے خلاف ایک رہنما کے طورپر پیش کر رہے ہیں، جو ایک منصفانہ نظام پیش کرتا ہے۔” یہ افریقہ اور لاطینی امریکہ میں یورپ کے اثر و رسوخ کے لیے ایک چیلنج ہے، جہاں چین کا بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو یورپی یونین کے گلوبل گیٹ وے پروگرام سے مقابلہ کرتا نِظر آتا ہے تاہم، فنڈنگ اور ہم آہنگی کے مسائل یورپ کے جوابی اقدامات کو محدود کرتے ہیں۔
اور یورپ کے اندر کی تقسیم اس موقف کو مزید پیچیدہ بناتی ہے۔ مشرقی یورپی ممالک جیسے ایشٹونیا تصادم کی وکالت کرتے ہیں، جبکہ جرمنی تجارت کے مفادات کو سیکیورٹی خدشات کے ساتھ متوازن کرتا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی اسٹریٹجک خودمختاری یورپ کو آزادانہ طور پر پوزیشن دینے کی کوشش کرتی نظر آتی ہے، لیکن ایس سی او اجلاس نے چین کے اتحادوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ٹرانس اٹلانٹک اتحاد کی ضرورت کو اجاگر کیاہے۔
مغربی تجزیہ کاروں نے ایس سی او اجلاس اور پریڈ کو ایک اہم موڑ کے طور پر دیکھا۔ سینٹر فار نیول اینالیسز کی ایلزبتھ وشنک نے صدر شی کی کوششوں کو community of common destiny
میں عالمی رہنما کے طور پر پوزیشن دینے کے طور پر بیان کیا۔ انہوں نے چین کے دوسری عالمی جنگ کے بیانیے کو نوٹ کیا، جو امریکی شراکت کو کم کر کے چین-سوویت تعلقات پر زور دیتا ہے۔ وشنک نے کہا، "یہ سرد جنگ کا دوبارہ آغاز نہیں ہے، بلکہ معاشی اور تکنیکی رابطوں سے تشکیل پانے والا ایک عالمی ماحول ہے۔”
اینڈریا کینڈل ٹیلر کا افراتفری کا محور یا Axix of Upheaval، جس میں چین، روس، شمالی کوریا، اور ایران شامل ہیں، ان کی بڑھتی ہوئی ہم آہنگی کو اجاگر کرتا ہے، جو روس کی یوکرین جنگ سے متحرک ہے۔ انہوں نے خبردار کیا، "ان کا تعاون فوجی صلاحیتوں کو بڑھا رہا ہے اور مغربی پابندیوں کو کمزور کررہا ہے۔” پوٹن اور کم ملاقات، جہاں کم نے روس کے لیے مزید حمایت کا وعدہ کیا، جو مغرب طویل تنازعات کے خوف کو بڑھاوا دیتا ہے.
ادھر تائیوان کے صدر لائی چنگ تے نے اس نئے اتحاد کو فاشزم اور طاقتور رہنما کلٹ قرار دیا اور پریڈ پر $5 بلین لاگت کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہا کہ چین یہ رقم عوام پر خرچ کرنے کی بجائے نمائش پر لگا دی
ایس سی او اجلاس اور بیجنگ پریڈ نے مغرب کے زیر قیادت نظام کے لیے چین کے چیلنج کو واضح کیا اور امریکہ اور یورپ سے مختلف ردعمل کو جنم دیا۔ امریکہ کی تصادمی بیان بازی اور فوجی پوزیشننگ یورپ کی سفارتی تنہائی اور معاشی اقدامات کے برعکس ہے، لیکن دونوں کا دعوی نام نہاد قواعد پر مبنی نظام یا rule based system کو برقرار رکھنا ہے۔
مغربی تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرانس اٹلانٹک ہم آہنگی بہت ضروری ہے، لیکن ٹرمپ کی غیر متوقع پالیسیاں اور یورپ کی تقسیم خطرات پیدا کر رہی ہیں۔
عالمی جنوب یا گلوبل سائوتھ کے لیے چین کی کشش اور قیادت ، جو ایس سی او میں نمایاں ہوئی، ترقی پذیر خطوں میں مغربی اثر و رسوخ کو چیلنج کرتی ہے۔ امریکہ اور یورپی یونین کو مقابلہ کرنے کے لیے معاشی امداد، تکنیکی قیادت، اور جمہوری اقدار کی پیشکش کا منجن موجود ہے ۔ اور مستقبل قریب میں، امریکی بحری تعیناتیوں اور روس کی حمایت کرنے والے چین کے خلاف یورپی پابندیوں میں اضافہ متوقع ہے۔ مغر ب کو ڈر یے کہ طویل مدت میں، اجلاس کے نتائج ایک دو قطبی یا بائی پولر دنیا کو تیز کر سکتے ہیں، جو غیر جانبدار ممالک کو فریقین کے انتخاب پر مجبور کرتے ہیں۔ جبکہ چین ملٹی پولیرٹی کے نیچے سب کو اکٹھا کر رہا ہے ۔
جیسے ہی شی کا ان سٹاپ ایبل چین کا وژن رفتار پکڑتا ہے، مغرب کو ایک اہم فیصلے کا سامنا کرنا پڑے گا : اتحادوں کو مضبوط کرنا یا ایک مضبوط محور کو جگہ دینے کا خطرہ۔۔
ایس سی او اجلاس اور پریڈ نے ایک فیصلہ کن جغرافیائی سیاسی مقابلے کے لیے مرحلہ طے کیا ہے، جس میں ڈریگن کا بیداری کے پھونکار مغرب کو پریشان کر رہی ہے ۔۔اور عقاب پر پھڑپھڑا رہا ہے ۔۔۔



