پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

صحافیوں کا پولیس ،ایف آئی اے کیخلاف احتجاج،جیل بھروتحریک کا عندیہ،وکلا تنظیموں کا ساتھ دینے کا اعلان

لاہور،(جنرل رپورٹر) صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، پنجاب یونین آف جرنلسٹ کے صدر نعیم حنیف، کورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد اشفاق کی قیادت میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے پولیس اور ایف آئی اے کے رویہ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ میں احتجاج کیا۔

لاہور ہائیکورٹ بار، لاہور بار اور دیگر وکلا تنظیموں نے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری سمیت تمام صحافیوں کو ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔

اس موقع پر سپریم کورٹ بار، پاکستان بار کونسل کے ممبر سینئر قانون دان احسن بھون، وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل، صدر لاہور ہائیکورٹ بار آصف نسوانہ، صدر لاہور بار ایسویسی ایشن مبشر الرحمٰن چوہدری، سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار فرخ الیاس چیمہ، ایڈووکیٹ اظہر صدیق، مرید بھٹہ سمیت قانونی ماہرین اور وکلا تنظیموں نے صحافتی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

صدر پریس کلب ارشد انصاری نے تمام وکلا تنظیموں اور کورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی آپریشنز اختلاف رائے کو نہیں مانتے، پولیس صحافیوں کے گھروں پر چھاپے ماررہی ہے اور صحافیوں کی آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور ایف آئی اے والے سن لیں ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں، ہم سچ بولتے رہیں گے، ہتھکڑیاں ہمارا زیور ہے۔

انہوں نے کہا کہ 6 صحافیوں کو نیشنل کرائم ایجنسی نے نوٹس بھجوایا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔

ممبر پاکستان بار کونسل احسن بھون کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں پولیس اور ایف آئی اے والے اختلاف رائے سننے کی عادت ڈالیں، صحافیوں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی کو برداشت نہیں کریں گے۔

صدر لاہور ہائیکورٹ بار آصف نسوانہ نے کہا کہ ارشد انصاری صاحب سینئر صحافی اور پریس کلب کے صدر ہیں، ہم صحافتی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران یاد رکھیں کہ وکلا اور صحافی متحد ہیں کسی بھی قسم کا غیر قانونی قدم اٹھایا تو وکلا بھی صحافیوں کے ساتھ سڑکوں پر ہوں گے۔

صدر لاہور بار مبشر الرحمٰن چوہدری نے کہا کہ صحافیوں کی آواز دبانے کی کوشش کرنے والے کسی غلط فہمی کا شکار ہیں، پورے ملک کے وکلا صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل کرایم ایجنسی والو اپنے نوٹس واپس لو ورنہ وکلا صحافیوں کے ساتھ ملکر راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔

صدر کورٹس جرنلسٹ ایسویسی ایشن محمد اشفاق نے کہاکہ ہم ڈرنے والے نہیں جتنے نوٹس بھجوانے ہیں بھجوائیں ہم جیلو بھرو تحریک شروع کریں گے۔

دریں اثنا پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی کال پر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ، لاہور بار ،انسانی حقوق کمیشن پاکستان ،پنجاب اسمبلی پریس گیلری ، کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن ، فوٹو جرنلسٹس اور کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے قائدین نے آزادی صحافت اور آزادی اظہار کی جنگ صحافیوں کے سنگ لڑنے کا عزم کرتے ہوئے ڈٹ کر کھڑے ہونے کا اعلان کیا ۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں سپریم کورٹ بار کے سابق صدر و سینئر قانون دان احسن بھون، لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر آصف نسوانہ ، لاہور کے صدر مبشرالرحمان چودھری ،سیکرٹری ہائیکورٹ بار فرخ الیاس چیمہ رحمان ، ایڈووکیٹ اظہر صدیق، ایڈووکیٹ علی چنگیزی نے کہا کہ آزادی صحافت اور آزادی اظہار کے تحفظ کی لڑائی درحقیقت جمہوری معاشرے کی بقاءکی جنگ ہے جس کے لئے وکلا صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس موقع پر وکلاءقائدین نے کہا کہ ایف آئی اے سمیت تمام اداروں میں صحافیوں کے مقدمات کا دفاع وکلاءکی تشکیل کردہ قانونی ٹیمیں کریں گی،انسانی حقوق کمیشن کے وائس چیئرمین راجہ اشرف نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف حکومت اور صحافیوں کو لڑانے والے گروہ پر نظر رکھیں اور ان کے جھانسے میں نا آئیں۔ انہوں نے پی یوجے کے صدر نعیم حنیف کے گھر پر پولیس کے چھاپے کی بھی مذمت کی اور اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ صحافیوں کی جنگ ایچ آر سی پی اپنے پلیٹ فارم پر لڑنے کے لئے تیار ہے اور صحافی قیادت کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اپنے احتجاج کا اگلا مرحلہ انسانی حقوق کمیشن پاکستان کے دفتر سے کریں ۔

اس موقع پر پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ لاہور سمیت پورے پاکستان کی صحافی قیادت اپنے حق کے لئے متحد ہے آج وکلا اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے ساتھ دینے کا اعلان کرکے ہمارے حوصلے بلند کردئے ہیں جس کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ صحافی معاشرے کاآئینہ ہیں ہم نے پہلے بھی معاشرتی برائیوں کی نشاندہی کی اور آج بھی جب ہر طرف ہو اور خاموشی کا عالم ہے کہ سچی خبر اور حقائق عوام سے دور کیے جارہے ہیں لاہور اور پاکستان بھر کے صحافی سچ کا علم اور اصل حقائق عوام کے سامنے رکھنے کے عزم کے ساتھ یہاں آئے ہیں۔

اس موقع پر پی یوجے کے نائب صدر ندیم زعیم ، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ،خزانچی نسیم قریشی ، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر ، سیکرٹری عدنان شیخ ،افضل ایوبی ، صلاح الدین بٹ ، پرویز الطاف ،خاور بیگ ،ریاض بھٹی ، رفیق خان ،عطیہ زیدی ،جمال احمد ،رانا عامر ،شیراز نثار ،ندیم شیخ ، سرفراز خان مہمند،، شاکر اعوان ،شاہد رضوی ،یاسر شمعون ، سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

 

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button