قصور،ساہیوال، خانیوال،کوہاٹ، چکوال(نمائندگان/ویب ڈیسک) ٹریفک کے حادثات میں بس ہوسٹس سمیت16افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق ہڑپہ شہر روڈ پر تیز رفتار ٹریکٹر نے کمسن موٹرسائیکل سوار طالبعلم اسماعیل کو روند ڈالا جسے ہسپتال دا خل کرایا گیا، جہاں وہ دم توڑ گیا۔
دوسرا حادثہ چک 101نو ایل کے قریب عارف والا روڈ پر ہوا، غلام یاسین اینٹی کرپشن کلرک اپنی بیوی سکول ٹیچر کو موٹرسائیکل پر سکول چھوڑنے جا رہا تھا، تیز رفتار کار نے ٹکر مار دی، رفعت کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال داخل کرایا گیا مگر دم توڑ گئی۔ خانیوال کے قریب موٹر وے ایم 4پر بس اور ٹریلر کی ٹکر سے بس ہوسٹس جاں بحق، 4مسافر زخمی ہوگئے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے پیش آیا، بس لاہور سے ملتان جا رہی تھی۔ دوسری جانب بہاولپور میں حاصل پور چشتیاں روڈ پر ٹریلر کی ٹکر سے2بھائی جاں بحق اور باپ زخمی ہوگیا۔
رحیم یار خان میں قومی شاہراہ پر ٹرالر نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل ڈالا، سخاوت علی زخموں کی تاب نہ لاتے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ بیوی صفیہ زخمی ہوگئی، جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھر چکوال میں کلو گائوں ( بھرپور) کے قریب پانی کا ٹینکر گہری کھائی میں جا گرا، حادثے میں دو مزدور جاں بحق ہوگئے۔
ٹینکر پر پانچ افراد سوار تھے۔ تین افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ مزید برآں کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کی حدود میں کوہاٹ راولپنڈی شاہراہ پر آئل ڈپو کے قریب کار اور مسافر کوچ میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 4مسافر جاں بحق اور 6دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد دینی مدرسہ جامعہ بیت السلام تلہ گنگ میں زیر تعلیم تھے اور ان کا تعلق کوہاٹ اور ملحقہ علاقوں سے تھا۔ دریں اثنا قصور میں ہیڈ بلوکی روڈ پر ظفر ملز کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آ گیا۔
حادثہ دو موٹر سائیکلز کے آمنے سامنے سے ٹکرانے کی وجہ سے پیش آیا۔ خوفناک حادثے کے نتیجے میں 4افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 2افراد زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد میں 23سالہ حسنین، 21سالہ وسیم، 20سالہ عمر اور 22سالہ علی حسن شامل ہیں۔
زخمیوں میں 40 سالہ نیاز اور 35سالہ خالد شامل ہیں، ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ٹراما سینٹر پھولنگر منتقل کر دیا۔ تمام لاشوں کو بھی ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔



