پاکستانتازہ ترینسائنس و ٹیکنالوجی

تمام شہریوں کو برابر حقوق حاصل: مذہب کے نام پر من مانی نہیں کرنے دینگے، وزیر اعظم

کسی بھی شہری سے زیادتی پر قانون حرکت میں آئے گا، یہ ہم سب کا مشترکہ وطن، ترقی و خوشحالی کے سفر پر شانہ بشانہ آگے بڑھنا ہے، مسلم لیگ ن اور قائد نواز شریف نے ہمیشہ اقلیتوں کو احترام اور عزت دی، شہباز شریف

اسلام آباد ( ویب ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے زندگی کے ہر شعبے میں مسیحی برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سب کا مشترکہ ہے، تمام شہریوں کو برابر کے حقوق اور مذہبی آزادیاں حاصل ہیں، کسی کو مذہب کے نام پر من مانی نہیں کرنے دیں گے۔
زیادتی پر قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کرسمس کے موقع پر وزیر اعظم ہائوس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ ٌ کے پیغمبر تھے، جنہوں نے انسانیت کو ظلم و جبر سے نجات دلائی، دست شفا بنے اور انسانیت سے محبت، امن اور احترام کا پیغام عام کیا۔ آج دنیا کو اس پیغام پر عمل کرنے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری سمیت اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، ان کا قابل قدر تاریخی کردار طب، دفاع وطن ، عدلیہ، تعلیم ، صحت سمیت زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں نظر آتا ہے، مئی میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے چھکے چھڑا دیئے، پاک فضائیہ حرکت میں آئی اور دشمن کے سات طیارے گرائے تو سیسل چودھری کی یاد تازہ ہوگئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے اپنے خطبات میں اقلیتوں کی مذہبی آزادیوں پر زور دیا، یہ ہمارے آئین کا حصہ ہے، مسلم لیگ ن اور قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے ہمیشہ اقلیتوں کو احترام اور عزت دی، رائیونڈ میں ان کیلئے تقریبات منعقد کیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہارون ولیم نے دشمن سے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تو انہوں نے فیلڈ مارشل کے ہمراہ ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کی مکمل آزادی حاصل ہے۔کسی کو مذہب کے نام پر من مانی نہیں کرنے دیں گے اور کسی بھی شہری سے زیادتی پر قانون حرکت میں آئے گا، یہ ہم سب کا مشترکہ وطن ہے اور یہاں سب شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر پر ہم سب نے شانہ بشانہ آگے بڑھنا ہے، وزیر اعظم نے مسیحی برادری کے سرکردہ رہنمائوں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی برادری کیلئے کرسمس پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مزید برآں وزیراعظم نے ضلع قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، ہم ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ شہباز شریف نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں بھی فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ مزید برآں وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کو جسٹس خالد یوسف چودھری کو سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کا مستقل جج مقرر کرنے کی ایڈوائس بھجوا دی، یہ بات وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان میں بتائی گئی ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کرسمس کی تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں کرسمس تقریبات میں شرکت کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button