بابا گرو نانک کی سالگرہ کی تقریبات خصوصی دعائوں کیساتھ ختم
نگر کیرتن میں وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ ، ہزاروں سکھ یاتریوں نے شرکت
لاہور(ویب ڈیسک )ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک دیو جی کی سالگرہ کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔ اس اہم مذہبی موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ کمیونٹی کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔ وفاقی وزیر چودھری سالک، پنجاب اسمبلی کے اقلیتی ممبران اور ممبران پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی بھی اس روحانی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران گوردوارہ جنم استھان سے نگر کیرتن نکالا گیا، جو گوردوارہ کیا رہ صاحب سے ہوتا ہوا جنم استھان پر اختتام پذیر ہوا۔
نگر کیرتن میں دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔ سکھ یاتریوں نے اس موقع پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے ڈی سی ننکانہ صاحب اور دیگر متعلقہ افسروں کو سروپے پہنائے اور انتظامات پر ان کی تعریف کی۔
انہوں نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے عہدیداروں کی بھی بھرپور ستائش کی۔ سکھ یاتری اب مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے مختلف گوردواروں کا دورہ کریں گے علاوہ ازیں حسن ابدال میں بابا گرو نانک کی 555 ویں جنم دن کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔ دو ہزار سے زائد سکھ یاتری بھارت اور دیگر ملکوں سے پاکستان پہنچے ہیں جو بابا گرو نانک کی جنم دن کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔



