وزیراعظم کا دورۂ قطر، اقتصادی تعاون کو اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد، دوحہ (ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ کے دورے میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی ہے۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا، پاک، قطر برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق امیر قطر نے اقتصادی شراکت داری کو اعلیٰ سٹریٹجک سطح تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنمائوں نے مذاکرات، سفارتکاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنمائوں نے اہم علاقائی مسائل پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ اعلامیے کے مطابق امیر قطر نے وزیراعظم کی پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کرلی اور ان کا دورہ پاکستان رواں سال ہو گا۔ قبل ازیں وزیر اعظم اور قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمان بن حسن بن علی الثانی نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم سے قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمان بن حسن بن علی الثانی نے ملاقات کی، شہباز شریف اور قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر مملکت برائے دفاعی امور نے دفاع اور سکیورٹی میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔ شیخ سعود نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے میں قطر کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص ایران اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیی مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں اطراف نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں پاکستان اور قطر کے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کی گئی۔ مزید برآں وزیراعظم اور قطر کے وزیر مملکت برائے بیرونی تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا ہے جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ قطر کے وزیر مملکت برائے بیرونی تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا اور پاکستان قطر تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے اور قطر کو پاکستان کی برآمدات خاص طور پر زرعی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاء اور ویلیو ایڈڈ اشیاء کی برآمدات کو متنوع بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان- قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فالو اپ پر تبادلہ خیال کیا اور طے شدہ فیصلوں پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے میں قطر کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے رمضان المبارک کے دوران دونوں ممالک کے متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس سرمایہ کاری کی تجاویز پر تبادلہ خیال جائے گا۔
ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔ مزید برآں پاکستان اور قطر نے بزنس ٹو بزنس تعلقات کے فروغ کیلئے کاروباری اداروں اور کاروباری افراد کے درمیان روابط کو آسان بنانے کیلئے خصوصی کوششوں پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیراعظم نے پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے میں قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے تعمیری کردار کو سراہا ہے۔ جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفد نے شیخ فیصل بن قاسم الثانی، چیئرمین کیو بی اے کی سربراہی میں منگل کو یہاں ملاقات کی۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے میں قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دو طرفہ شراکت داری کے ایک اہم ستون کے طور پر نجی شعبے کی قیادت میں مصروفیات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت کے لیے متعارف کرائے گئے اصلاحاتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے کیو بی اے کے اراکین کو انفراسٹرکچر، لاجسٹکس، توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی اور برآمدات پر مبنی مینوفیکچرنگ میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کے لیے شفافیت، کارکردگی اور بروقت فیصلہ سازی کو یقینی بنانے کے لیے ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر زور دیا۔
شیخ فیصل بن قاسم الثانی نے بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ فریقین نے قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا جس میں رواں ماہ کے آخر میں پاک، قطر سرمایہ کاری سے متعلق ٹاسک فورس کے دوحہ کے آئندہ دورے کے ساتھ ساتھ تجارتی فورمز کی میزبانی بھی شامل ہے تاکہ بات چیت کو ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے۔ فریقین نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور کاروباری افراد کے درمیان روابط کو آسان بنانے کے لیے خصوصی کوششیں کرنے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کو بڑھایا جا سکے۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے اپنے اپنے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط تعاون کے ذریعے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے نیدرلینڈز کے وزیر ِاعظم کا منصب سنبھالنے پر روب جیٹن کو مبارکباد دی ہے۔



