NBPکے ہیڈآف مارکیٹنگ یو اے ای راشد الاسلام کی جانب سے صحافی برادری اور پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات کے اعزاز میں سحور
تقریب میں سینئر وائس چیئر مین پاکستان بزنس کونسل سید سلیم اختر ،ڈائریکٹر شارجہ سنٹر فراز احمد صدیقی اور صحافی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی
شارجہ ( حافظ زاہد علی)شارجہ کے ایک مقامی ہوٹل میں نیشنل بینک کے ہیڈ آف مارکیٹنگ (امارات )راشد الاسلام کی جانب سے صحافی برادری اورپاکستانی کمیونٹی کے اعلیٰ شخصیات کے اعزاز میں سحور کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پرپاکستان بزنس کونسل شارجہ کے سینئر وائس چیئرمین سید سلیم اختر،پاکستان سوشل سنٹرشارجہ کے ڈائریکٹر فرازاحمد صدیقی اور مختلف اردو و انگریزی اخبارات، ٹی وی چینلز اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں نے شرکت کی۔
سحور کی تقریب نہایت خوشگوار اور روحانی ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں مہمانوں کے لیے معیاری اور متوازن سحور کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تقریب کے دوران باہمی روابط کو فروغ دینے اور میڈیا و بینکنگ سیکٹر کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر نیشنل بینک کے ہیڈ آف مارکیٹنگ راشد الاسلام نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر، برداشت، ایثار اور دوسروں کا خیال رکھنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بابرکت مہینہ ہمیں نہ صرف اپنی اصلاح کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ معاشرے کے کمزور طبقے کی مدد اور باہمی بھائی چارے کو فروغ دینے کا بھی پیغام دیتا ہے۔
راشد الاسلام نے کہا کہ نیشنل بینک ہمیشہ سماجی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف فلاحی اور سماجی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا رہا ہے، انہوں نے صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی درست رہنمائی اور مثبت سوچ کے فروغ میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔آخر میں صحافیوں نے راشد الاسلام کی مہمان نوازی کاشکریہ بھی ادا کیا۔



