انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

شارجہ میں وسیم نذر افطار خیمہ توجہ کا مرکز ، خیمہ کی سجاوٹ بے مثال روزانہ سحر و افطار جاری

پریس قونصلر محمد صالح ، صدر شار جہ سنٹر خالد حسین چوہدری اور سینئر وائس چیئر مین پاکستان بزنس کونسل شارجہ سید سلیم اختر اور دیگر شخصیات کی مبارکباد

شارجہ (حافظ زاہد علی ) متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے دوران اجتماعی افطار و سحر کا سلسلہ پورے جوش و جذبے سے جاری ہے۔ پاکستانی سماجی کارکن وسیم نذر محمد کی جانب سے قائم کیا گیا افطار خیمہ نہ صرف خوبصورتی اور مثالی انتظامات کے باعث عوامی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے بلکہ اس کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہو رہا ہے۔ افطار خیمے میں روزانہ سینکڑوں روزہ داروں کے لیے افطار اور سحر کا معیاری اور منظم انتظام کیا جا تاہے۔
افطار خیمہ جدید سہولیات سے آراستہ ہے، جہاں صفائی، نظم و ضبط اور آرام دہ ماحول کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔ افطار کے لیے متوازن اور معیاری کھانے کا اہتمام کیا جاتا ہے، جب کہ سحر کے وقت بھی بڑی تعداد میں افراد اس سہولت سے استفادہ کر رہے ہیں۔

پاکستانی کمیوٹی کی اہم شخصیات راشد الاسلام ، اسد ملک چوہدی بشیر شاہد ، عمر بلوچ راجہ سرفراز اور دیگر کی افطار تقریب میں شرکت


افطار خیمے کو دیدہ زیب انداز میں سجایا گیا ہے، جو نہ صرف آنے والوں کو روحانی سکون فراہم کرتا ہے بلکہ فلاحی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وسیم نذر محمد نے کہا کہ افطار خیمے کا یہ سلسلہ اللہ کی رضا کے لیے سترہ برس قبل نہایت سادہ انداز میں دریوں پر بیٹھنے والے افراد کو افطار فراہم کرنے سے شروع کیا گیا تھا، جو وقت کے ساتھ ترقی کرتے ہوئے آج ایک جدید ایئرکنڈیشنڈ افطار خیمے کی صورت اختیار کر چکا ہے۔


انہوں نے کہا کہ یہ سب اللہ تعالیٰ کا فضل اور دوست احباب کے تعاون کا نتیجہ ہے کہ یہ خدمت آج ہزاروں افراد تک پہنچ چکی ہے۔ پاکستان کے پریس قونصلر محمد صالح نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں ایثار، قربانی اور دوسروں کا خیال رکھنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افطار خیمے جیسے فلاحی اقدامات نہ صرف انسانی ہمدردی کا عملی نمونہ ہیں بلکہ مختلف قومیتوں کے درمیان بھائی چارے اور ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے وسیم نذر محمد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد پاکستانی کمیونٹی کا روشن چہرہ ہیں۔


افطار خیمے میں پانچ وقت کی نمازوں کے ساتھ ساتھ نمازِ تراویح کا بھی باقاعدہ اہتمام کیا جاتا ہے، جس میں بڑی تعداد میں نمازی شرکت کرتے ہیں۔ خیمے میں دینی و روحانی ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ آنے والے افراد یکسوئی کے ساتھ عبادت کر سکیں۔اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات بھی موجود تھیں، جن میں صدر شارجہ سنٹر خالد چوہدری، سینئر وائس چیئرمین پاکستان بزنس کونسل شارجہ سید سلیم اختر ،چوہدری بشیر شاہد ،شفقت قادری ،راشدالسلام ، اسد ،حافظ رؤف ،نعمان ،حافظ مبشر ،سلمان جاذب ،امجد قاسمی اور دیگر معززین شامل تھے۔


تمام شرکا نے خوبصورت افطار خیمے کے انعقاد اور مثالی انتظامات پر وسیم نذر محمد کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر امارات اورپاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جب کہ امتِ مسلمہ کے اتحاد اور دنیا بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے بھی دعا مانگی گئی۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button