لاہور، اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مناسب مقدار دستیاب ہے، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر عوام سے اپیل ہے کہ بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دیتے ہوئے گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ہر ممکن اقدامات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے 125 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی، جو مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی سے حاصل کی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دفاتر میں ٹیلی کانفرنسنگ کو فروغ دیا جائے تاکہ ایندھن کی بچت ممکن ہو سکے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایت کی کہ موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن اپنے نام پر منتقل کرنے میں سہولیات فراہم کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ملک بھر میں موٹر سائیکلوں اور رکشوں کا مکمل ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو جائے گا، جس سے حکومتی ریلیف پروگرامز سے مستحق افراد کو براہ راست فائدہ پہنچایا جا سکے گا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز سے رابطے تیز کیے جائیں تاکہ ان اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔



