لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دونوں صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حالات سے نمٹنے کے لئے اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کوایک پیج پر ہونا چاہئے۔ اُنہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بین الصوبائی ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں سے نوجوان بہتر سوچ کے ساتھ عملی زندگی میں قدم رکھ سکتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جنگی کشیدگی کے خاتمے کے لئے عالمی سطح پر پاکستان کا کردار ہے۔ گورنر نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، فریقین کو کشیدگی کم کرنے کے لئے مذاکرات کی طرف آنا چاہئے۔ جبکہ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ صوبے کی بہتری اور امن وامان برقرار رکھنا ترجیح ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے اور مشترکہ چیلنجز اور تعاون کے حوالے سے رابطے بڑھائیں گے۔ دریں اثنا گورنر پنجاب سے پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر،پارٹی کارکنوں،جیالوں اور عہدیداران کے وفودنے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی اور دیگر امور پر بھی تفصیلی گفتگوکی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے اور پارٹیوں میں گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ تمام کارکنوں کے گلے شکوے پارٹی قیادت تک پہنچانااور سب کو ساتھ لے کر چلنا میری ذمہ داری ہے۔
گورنر نے کہا کہ پارٹی قیادت نے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدرراجہ پرویز اشرف، جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب حسن مرتضیٰ اور پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر کو منتخب کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کے ہر فیصلے کو من و عن تسلیم کرنا جیالوں کا شیوا ہے۔ گورنر نے کہا کہ پارٹی کے کارکنوں کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ کارکن ہیں تو پارٹی ہے۔
گورنر نے کہا کہ ہم سب کو پیپلز پارٹی کے لیے دن رات کام کرنا ہے اور آئندہ الیکشن میں بلاول بھٹو کو ملک کا وزیراعظم بنانا ہے۔ گورنر نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو آگے آنے کا موقع دیا جانا چاہئے کیونکہ نوجوان نسل ہی ہمارے ملک کا مستقبل ہے۔ علاوہ ازیں، گورنر نے بنوں میں خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ گورنر نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم ایک پیج پر ہے۔ دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی پیڈل ٹینس کھیلتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوگئی۔ پیڈل ٹینس کا دوستانہ میچ لاہور کے نجی سپورٹس کلب میں کھیلا گیا۔ دونوں گورنرز کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
مقابلے میں دونوں جانب سے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔ میچ میں سلیم حیدر کا ساتھ صحافی علی فرقان جبکہ فیصل کنڈی کا ساتھ لیگی رہنما ذیشان نقوی نے دیا۔ اس موقع پر دونوں گورنرز نے عوام کو پیغام دیا کہ پیڈل ٹینس، فٹنس، تفریح اور رابطے کا بہترین ذریعہ ہے، صحت مند سرگرمیاں، مضبوط معاشرہ۔ مزید برآں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حکومتِ پنجاب، بالخصوص اسحاق ڈار اور مریم نواز کو حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخشؒ کے مزار کی تاریخی توسیع اور جامع ترقیاتی منصوبے پر سراہا ہے۔
داتا دربار کے دورے کے دوران گورنر کا پرتپاک استقبال ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب حافظ انیس الرحمان، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان اور ان کی ٹیم نے کیا۔ گورنر نے مزار کی انتظامیہ کے ہمراہ فاتحہ خوانی کی اور پاکستان کی خوشحالی، اتحاد اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔



