لاہور، اسلام آباد ( ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے گزشتہ روز گڈ فرائیڈے مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا ۔ اس موقع پر لاہور سمیت ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
جن میں مسیحی برادری کے افراد بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔عبادات کے دوران ملک و قوم کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی گئیں جبکہ امن اور بھائی چارےکا بھی درس دیا گیا ۔
مسیحی عقائد کے مطابق حضرت عیسیٰ کی صلیبی موت کی یاد کو گڈ فرائیڈے کے نام سے منسوب کیا جاتا ہے۔ یہ دن مسیحی مذہب میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس پر حضرت عیسیٰ ٌکی قربانی، صبر اور انسانیت کے لیے دی گئی عظیم مثال کو یاد کیا جاتا ہے۔ ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کو گڈ فرائیڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے رواداری اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کیلئے مشترکہ عزم کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ایکس پر اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پاکستان میں مسیحی برادری کے اپنے بھائیوں اور بہنوں اور دنیا بھر میں مسیحی عقیدے سے وابستہ افراد کو گڈ فرائیڈے کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ مقدس دن، جو قربانی اور غور و فکر کی علامت ہے، ہمارے مشترکہ عزم کو مزید مضبوط کرے تاکہ ہم ہمدردی، رواداری اور پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دے سکیں۔



