لاہور/مری (سلمان حسین) نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے زیر صدارت اہم اجلاس میں مری اور کوٹلی ستیاں کے لیے بڑے سیاحتی اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کا پہلا سکائی گلاس برج کوٹلی ستیاں میں تعمیر کیا جائے گا، جو سیاحت کے فروغ کے لیے ایک منفرد اور جدید منصوبہ ہوگا۔ اس کے علاوہ مری تحفظ و بحالی پلان پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور لینڈ سلائیڈنگ کے مسائل کے حل کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے چٹا موڑ، دریا گلی، بانسرہ گلی، نمل اور جھیکا گلی سمیت مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کی فوری امداد اور بحالی کے اقدامات کی ہدایت کی۔
اجلاس میں مری میں تین نئے ہاسپٹلٹی زونز کے قیام کی منظوری بھی دی گئی، جو شوالا، سوزو اور بروری کے علاقوں میں قائم کیے جائیں گے۔ ان زونز میں نجی شعبے کے تعاون سے عالمی معیار کے ہوٹلز تعمیر کیے جائیں گے۔
مزید برآں، مری میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے جھیکا گلی روڈ اور ریچ بل روڈ کو توسیع دینے، گلاس ٹرین پراجیکٹ جلد شروع کرنے اور تین نئے پارکس کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کو بانسرہ گلی میں زولوجیکل گارڈن، ایکوزون، برج کراسنگ اور جدید کانفرنس روم کے قیام پر بریفنگ دی گئی، جبکہ وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے بیئر ہاؤس اور برڈ ایویری جیسے منصوبے بھی زیر غور آئے۔
چیوڑاہل میں مری کا پہلا گلیمینگ پوڈ ویلج قائم کرنے اور پیراگلائیڈنگ کلب کے قیام کی منظوری بھی دی گئی، جس سے علاقے میں ایڈونچر ٹورازم کو فروغ ملے گا۔
اجلاس میں کوٹلی ستیاں چیئر لفٹ، پنجاب ہاؤسز، فارسٹ ریسٹ ہاؤسز اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے دریائے جہلم سے پانی کی فراہمی کے منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ 30 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مری اور کوٹلی ستیاں میں ہزاروں گھروں میں رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم کامیابی سے کام کر رہا ہے، جس سے خواتین اور بچوں کو پانی کے حصول میں آسانی ہوئی ہے۔
اجلاس میں پنجاب میں پہلے فیسلٹی مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی اصولی منظوری بھی دی گئی، جو صوبہ بھر میں سرکاری عمارتوں کی تعمیر، مرمت اور انتظام کو بہتر بنائے گا۔



