لاہور ( بیورو چیف) وساکھی میلہ میں شرکت کے لئے پاکستان آئے سکھ یاتری واپس بھارت روانہ ہوگئے ۔ واہگہ بارڈر پر پردھان پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی و صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان نے یاتریوں کو رخصت کیا ۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق ،سیکرٹری مینارٹیز عثمان خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ بھارت واپس جانے والے سکھ یاتریوں نے پاکستان کی مثالی مہمان نوازی ،سہولیات اور احترام پر جذباتی انداز میں شکریہ اداکرتے ہوئے پاکستان کا دورہ ہمیشہ یاد رہیگا۔جتھہ لیڈر سردار ہرجیت سنگھ نی کہا کہ پاکستان نے اقلیتوں سے محبت کی نئی مثال قائم کی ،ہم امن، بھائی چارے کا پیغام لے کر جا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگی صورتحال کے باوجود پاکستانی حکومت نے ہماری مذہبی عبادات کے لیے پرسکون ماحول فراہم کیا ، پاکستان سے ملنے والی محبت اور امن کے پیغام کو بھارت سمیت دوسرے ملکوں تک پہنچائیںگے ۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ہم آئندہ برسوں میں مزید سہولیات اور آسانیاں فراہم کریں گے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں حضوری باغ لاہور میں ایک شاندار اور رنگا رنگ کلچرل نائٹ اور عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں صوبائی وزیر اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، عظمی کار دار، کمشنر لاہور مریم خان اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ( ر) علی اعجاز بھی شریک ہوئے۔



