انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

امن مذاکرات تیز: شہباز شریف اور مسعود پزشکیان کا رابطہ، خطے میں استحکام پر اتفاق

اسلام آباد (ویب ڈیسک) خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح کے سفارتی رابطوں میں نمایاں تیزی آ گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں علاقائی صورتحال اور امن کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو تقریباً 45 منٹ جاری رہی، جو خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے 11 اور 12 اپریل کو مذاکرات کے لیے وفد بھیجنے پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر کو سعودی عرب، قطر اور ترکی سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے تعاون سے خطے میں امن و استحکام کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ ایرانی صدر نے امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ اس دوران خطے میں جاری کشیدگی کے حل اور عالمی امن کے فروغ کے لیے مسلسل رابطے اور مکالمے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

مزید برآں، اسحاق ڈار سے رادوسلو سکورسکی نے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق پولینڈ کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا گیا اور امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button