پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

ٹیکسالی اور شیرانوالہ گیٹ منصوبوں پر حکم امتناع ختم

ماحولیاتی قوانین پر عمل، دوبارہ شجرکاری یقینی بنائی جائے:لاہور ہائیکورٹ
لاہور:(بیوروچیف) لاہور ہائیکورٹ نے پبلک پارکس اور گرین بیلٹس کے تحفظ سے متعلق کیس میں اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے شیرانوالہ اور ٹیکسالی گیٹ پراجیکٹس پر عائد حکمِ امتناعی واپس لے لیا، جبکہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے ترقیاتی منصوبوں پر عائد پابندی بھی ختم کر دی۔

جسٹس شاہد کریم نے کیس کی گزشتہ سماعت کا تفصیلی تحریری حکم جاری کیا، جس میں واضح کیا گیا کہ متعلقہ منصوبے اب نئے منظور شدہ ریگولیشنز 2026 کے مطابق آگے بڑھائے جا سکتے ہیں تاہم تمام قانونی تقاضوں کی مکمل پابندی لازمی ہوگی۔

عدالتی حکم میں پی ایچ اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کے آغاز سے قبل تمام ضروری قانونی اور ماحولیاتی تقاضے پورے کیے جائیں۔ عدالت نے درختوں کی کٹائی کو سخت ضابطوں کے تحت لانے اور ری پلانٹیشن کو ریگولیشنز کے مطابق یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے کمیشن کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کے ہر مرحلے پر مؤثر نگرانی کریں تاکہ ماحولیاتی تحفظ کے اصولوں پر کسی قسم کی خلاف ورزی نہ ہو۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل اور دیگر حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف اور سول سوسائٹی کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے پبلک پارکس اور گرین بیلٹس کے تحفظ کے لیے ریگولیشنز 2026 تیار کیے گئے ہیں۔ ریگولیشنز کا گزٹ نوٹیفکیشن 17 مارچ 2026 کو جاری کیا جا چکا جس کے بعد ان پر عملدرآمد میں کوئی قانونی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔

عدالت نے قرار دیا کہ ترقیاتی منصوبے اب نئے فریم ورک کے تحت جاری رہیں گے، تاہم ماحولیاتی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button