جنگ بندی کے جزوی معاہدے کا ابتدائی فریم ورک تیار
دونوں ممالک کے درمیان متنازعہ معاملات حل طلب رہینگے، برطانوی میڈیا

لندن (ویب ڈیسک) برطانوی خبر ایجنسی نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران جنگ بندی کیلئے ایک قلیل مدتی معاہدے پر غور کر رہے ہیں۔
برطانوی خبر ایجنسی نے ذرائع اور حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ قلیل مدتی جنگ بندی معاہدے کے حوالے سے ابتدائی فریم ورک تیار کیا گیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان سب سے متنازعہ معاملات حل طلب رہیں گے۔
یہ منصوبہ ایک جامع امن معاہدے کے بجائے ایک قلیل مدتی یادداشتِ مفاہمت پر مبنی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق یہ منصوبہ فریقین کے درمیان گہرے اختلافات کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ منصوبہ اس بات کا اشارہ دیتا ہے کہ یہ صرف ایک عبوری اقدام ہوگا، اس سے امید ہے کہ ایک جزوی معاہدہ بھی آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا باعث بن سکتا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق مجوزہ فریم ورک 3مراحل میں سامنے آئے گا، پہلے مرحلے میں باضابطہ طور پر جنگ کا خاتمہ کیا جائیگا۔ دوسرے مرحلے میں آبنائے ہرمز کے بحران کا حل نکالا جائے گا، تیسرے مرحلے میں ایک جامع معاہدے پر بات چیت کی جائے گی۔



