لاہور(سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسان کارڈ پروگرام کے ذریعے پنجاب کے کاشتکاروں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے اور کسان اب مالی خودمختاری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا کاشتکار اب کسی آڑھتی کا مقروض نہیں ہوگا بلکہ باوقار انداز میں اپنی زندگی گزار سکے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے میں زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے کسان کارڈ پروگرام کے تحت ریکارڈ تعداد میں کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں پہلی مرتبہ 8 لاکھ 32 ہزار سے زائد کاشتکاروں کو کسان کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں۔
کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکار مجموعی طور پر 2 ارب 54 کروڑ روپے سے زائد کے زرعی قرضے استعمال کر چکے ہیں جبکہ گندم کی فصل کے سیزن کے دوران کسانوں نے کسان کارڈ کی مدد سے 100 ارب روپے سے زائد مالیت کے زرعی مداخل خریدے۔
اعداد و شمار کے مطابق 5 لاکھ 38 ہزار کاشتکاروں سے 67 ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں، جس کے نتیجے میں 86 فیصد ریکوری کا ریکارڈ قائم ہوا۔ کاشتکاروں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57 ارب روپے کی اقساط بروقت ادا کیں۔
خریف سیزن کے لیے بھی کسان کارڈ پروگرام کے تحت 90 ارب روپے کے زرعی قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ 3 لاکھ سے زائد کاشتکار 30 ارب روپے مالیت کے زرعی مداخل حاصل کر چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کسان کارڈ پنجاب حکومت کا ایک انقلابی اقدام ہے جس کا مقصد کاشتکاروں کو مالی سہولتیں فراہم کرنا اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کسانوں کو مالی خودمختاری اور خوشحالی کی راہ پر گامزن دیکھنا ان کا خواب ہے۔
انہوں نے کاشتکاروں کی جانب سے قرضوں کی بروقت ادائیگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسان بھائیوں نے ذمہ داری اور دیانت داری کی مثال قائم کی ہے، جو زرعی شعبے کی ترقی کے لیے خوش آئند امر ہے۔
مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت کسان دوست پالیسیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی اور زرعی شعبے کی بہتری کے لیے مزید اقدامات متعارف کرائے جائیں گے تاکہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور دیہی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔



