پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

بلوچستان: فورسز کی کارروائی ، 14 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کا اہلکار شہید

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے زیر استعمال 4 گاڑیوں اور دھماکا خیز مواد کو موقع پر ہی تباہ کردیا، آئی ایس پی آر

 

کوئٹہ:(ویب ڈیسک)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع بسیما میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 14 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک اہلکار شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 8 جون 2026 کو بلوچستان کے ضلع بسیما کے علاقے نال میں بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں۔

بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گرد قریبی واقع پولیس اسٹیشن اور بینکوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے تاہم سیکیورٹی فورسز نے معلومات کے حصول پر فوری کارروائی کی اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ختم کرنے کے لیے خفیہ آپریشن شروع کردیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت مؤثر انداز میں روک دی گئی اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 14 دہشت گرد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

مزید بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے زیر استعمال 4 گاڑیوں اور دھماکا خیز مواد کو موقع پر ہی تباہ کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے لانس حوالدار محمد عباس بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کی حفاظت کے لیے قربانی دی اور شہید ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں بھارتی اسپانسرڈ مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے عزم استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی مہم جاری ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیرملکی اسپانسرڈ ناسور کے خاتمے کے لیے پورے عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button