پاکستانتازہ ترین

پارٹی کارکنوں کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کرونگا، سردار سلیم حیدرخان

جیالے ہماری طاقت، ہر قسم کا تحفظ فراہم کرنا ترجیح ہے، کارکنوں سے خطاب

لاہور ( بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے پیپلز پارٹی لاہور کے قائم مقام صدر شاہد عباس اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عائشہ شوکت کی قیادت میں ملاقات کی۔
گورنر نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے ہماری طاقت ہیں، انہیں ہر قسم کا تحفظ فراہم کرنا ترجیح ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی برداشت نہیں کروں گا۔ گورنر نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کی ایک کال پر ہمہ وقت میسر ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ گورنر ہاس پارٹی کارکنوں کے لئے ہر وقت کھلا ہے۔
گورنر نے کہا کہ گلگت الیکشن میں کامیابی کے بعد اب کشمیر کے الیکشن میں بھی تیر چلے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب دوبارہ اپنا مقام حاصل کر رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب پیپلز پارٹی عوام کی طاقت سے پورے ملک میں کامیاب ہو گی۔
گورنر نے پارٹی کارکنوں، عہدیداروں اور ضلعی صدور کو ہدایت کی کہ پارٹی کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لئے اور زیادہ محنت اور لگن سے کام کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم سب نے محنت کر کے بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانا ہے۔ گورنر نے مزید کہا کہ صاف اور شفاف الیکشن کے نتیجے میں پیپلز پارٹی ہمیشہ کلین سویپ کرتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی واحد جمہوری، سیاسی اور عوامی نمائندہ جماعت ہے جو لوگوں کے مسائل کو اچھی طرح سمجھتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن متحد اور ایک پیج پر ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اگلے مہینے پیپلز پارٹی مینار پاکستان پر جلسہ کرنے جا رہی ہے۔ گورنر نے کہا کہ لاہور کے جلسہ میں پیپلز پارٹی بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button