لاہور (سلمان حسین): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے دیہی خواتین کی معاشی خودمختاری اور فنی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے شروع کیے گئے "شی تھریڈز” پروگرام کے لیے 310 ملین روپے کا بجٹ مختص کر دیا گیا ہے۔ یہ منفرد منصوبہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں خواتین کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
شی تھریڈز پروگرام کے تحت پنجاب بھر کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی 18 سے 45 سال عمر کی مڈل پاس خواتین تربیت حاصل کر سکیں گی۔ پروگرام میں شامل خواتین کو تربیت کے دوران ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ اور ٹرانسپورٹ الاؤنس بھی فراہم کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت خواتین کے لیے ٹیکسٹائل سیکٹر کے 10 مختلف پیشہ ورانہ کورسز متعارف کرائے گئے ہیں۔ ان میں انڈسٹریل اسٹیچنگ مشین آپریٹر، فیبرک کوالٹی انسپکٹر، فیبرک کٹنگ ایکسپرٹ، اپیریل پلاننگ اینڈ مرچنڈائزنگ، اپیریل سپروائزر، پیٹرن میکنگ اینڈ کٹنگ، پیٹرن ڈرافٹنگ اینڈ گریڈنگ، کوالٹی کنٹرول، گارمنٹ فنشنگ، پیکنگ اور گارمنٹ ویکسنگ جیسے شعبے شامل ہیں۔
حکام کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور فیصل آباد میں یہ تربیتی کورسز کامیابی سے جاری ہیں۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران تقریباً 2500 خواتین ان کورسز کو مکمل کر چکی ہیں، جن میں سے 773 خواتین کو تربیت مکمل ہونے کے فوراً بعد ملازمت بھی حاصل ہوئی۔
اس وقت شی تھریڈز پروگرام کے تحت 1150 خواتین ٹیکسٹائل ٹریننگ حاصل کر رہی ہیں جبکہ آئندہ سال مزید 1350 خواتین کو تربیت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر خاتون کو مالی طور پر خودمختار اور بااختیار بنانا حکومت کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنرمند عورت ایک قابل قدر قومی اثاثہ ثابت ہوگی اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں تربیت یافتہ خواتین کے لیے روزگار کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے مظفرآباد کے قریب تکنیکی خرابی کے باعث پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے حادثے میں شہادت پانے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
مریم نواز شریف نے مری ایکسپریس وے پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور لودھراں میں سیوریج پائپ لائن کی صفائی کے دوران دو سیور مین کے جاں بحق ہونے کے واقعات پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔



