پاکستانتازہ ترین

روس کے ساتھ شراکت داری مزید مضبوط کریں گے، صدر زرداری

روسی فیڈریشن کے قومی دن کی تقریب میں شرکت ، پوتن، عوام کو مبارکباد پیش

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک): صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوش حالی کے فروغ کے لیے روسی فیڈریشن کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کو ایک عالمی طاقت اور قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

روسی فیڈریشن کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ روسی قومی دن کی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ یہ دن روس کی قومی خودمختاری، عظیم تاریخ اور اس کے عوام کے عزم و استقلال کی علامت ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے حکومت پاکستان، پاکستانی عوام اور اپنی جانب سے روسی صدر ولادیمیر پوتن، پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریف اور روسی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر پوتن نے پاکستان اور روس کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کے نتیجے میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور روس نے گزشتہ برسوں کے دوران باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تعلقات کی بنیادوں کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بصیرت افروز قیادت نے بھی مضبوط بنایا، جنہوں نے سابق سوویت یونین کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرا اور اعلیٰ حکام کے درمیان مسلسل رابطے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان اور روس کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ صدر زرداری نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات کئی دہائیوں کی نسبت آج زیادہ مضبوط اور مثبت سطح پر ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ توانائی، صنعت، زراعت، تجارت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 1300 پاکستانی طلبہ روس میں زیر تعلیم ہیں، جن میں سے متعدد روسی حکومتی وظائف پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہ طلبہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اعلیٰ سطح کے روابط کے تسلسل کے ذریعے اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے تاکہ دونوں ممالک اپنی شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ روس کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے ساتھ ساتھ خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوش حالی کو فروغ مل سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روسی سفیر البرٹ خوریف نے پاکستان آرمی کے ایم-17 ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے روسی قومی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن روسی قوم کے عزم، وژن اور ثابت قدمی کی یاد دلاتا ہے۔

روسی سفیر نے روس-یوکرین تنازع کے حوالے سے پاکستان کے متوازن اور غیر جانب دار مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔

تقریب کا آغاز پاکستان اور روس کے قومی ترانوں سے ہوا جبکہ شرکا کے لیے روسی ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button