لاہور( سلمان حسین)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے گرمی کی شدید لہرکے پیش نظر صوبے بھر میں عوام کیلئے ٹھنڈے پانی کا اہتمام کرنے کاحکم دیا ہے۔انہوں نے انتظامیہ کو ہر شہرکے چوک و چوراہوں میں سائے شیڈ کا بھی اہتمام کرنے کی ہدایت کی۔
ہر ویگن سٹینڈ، بس ٹرمینلز اور ریلوے سٹیشن پر مسافروںکیلئے ٹھنڈا پانی، پنکھے اور کولر نصب کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے سخت گرمی کے پیش نظر دفاتر میں آنے والے سائلین کیلئے ٹھنڈ ے پانی کا مناسب بندوبست کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے بہت زیادہ گرمی اور لو کے پیش نظر بلا ضرورت گھر سے نکلنے سے پرہیز کرنے کی اپیل بھی کی اور کہا کہ خواتین، بزرگوں اور بچوں سخت گرمی کے موسم میں خصوصی خیال رکھا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سکول سمر کیمپ میں طلبہ اور اساتذہ کیلئے ٹھنڈا پانی، پنکھے اور ایئرکولر ضرور نصب کئے جائیں۔
مریم نواز نے کہا کہ گرم ترین موسم کی شدت اور حدت کا مقابلہ کرنے کیلئے بچائواور احتیاط ہی مناسب تدابیر ہے۔ ٹریفک پولیس کو چلچلاتی دھوپ میں موٹر سائیکل سواروںکو بلاضرورت کھڑا نہ کرنے کی ہدایت کی ۔
وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ بائیک پر فیملی یا بچے سوار ہونے کی صورت میں دھوپ میں روکنے سے گریزکیا جائے ۔



