پشاور کی بحالی ہماری ترجیح :سہیل آفریدی
رنگ روڈ ٹول پلازہ حیات آباد پر انڈر پاس منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

پشاور:(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے رنگ روڈ پی ڈی اے ٹول پلازہ حیات آباد پر انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔دو لینز پر مشتمل انڈر پاس 1.6ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہاکہ پشاور کی بحالی ہماری ترجیح ہے، ضرورت پڑنے پر پشاور نے ہمیشہ کھلے دل کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ اور قبائلی اضلاع کے متاثرین کی پشاور نے ہمیشہ میزبانی کی، کوشش ہے کہ پلان میں شامل تمام منصوبے بروقت شروع اور مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ نیا مالی سال صوبے کے عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو گا۔دوسری جانب حکام نے سہیل آفریدی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پشاور ری وائیٹلائیزیشن پلان میں 35 سڑکوں کی خوبصورتی کے منصوبے شامل ہیں، تخمینہ لاگت 19 ارب روپے آئے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 15 مختلف سڑکوں پر عملی کام کا جلد آغاز کیا جائے گا۔



