پاکستانتازہ ترین

مریم نواز کا خشک سالی اور صحرائی پھیلاؤ سے نمٹنے کیلئے جدید زرعی ٹیکنالوجی اپنانے پر زور

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحرائی پھیلاؤ اور خشک سالی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا ہے۔

صحرائی پھیلاؤ اور خشک سالی سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس دن کا مقصد بنجر پن، زمین کی زرخیزی میں کمی اور خشک سالی کے خطرناک اثرات سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت خشک سالی کے اثرات کم کرنے کیلئے زراعت، پانی کے بہتر انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ صوبے میں پانی ذخیرہ کرنے کیلئے چھوٹے ڈیمز اور تالاب تعمیر کیے جا رہے ہیں جبکہ چولستان اور تھل جیسے صحرائی علاقوں میں بنجر زمینوں کو قابلِ کاشت بنانے کیلئے خصوصی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحرائی علاقوں میں شجرکاری، درختوں کے فروغ اور زیتون سمیت دیگر موزوں فصلوں کی کاشت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ خشک سالی زراعت اور غذائی تحفظ کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے، اس لیے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور بنجر زمینوں کو دوبارہ سرسبز بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات کے تحفظ اور جنگلی حیات کی نگرانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی، تھرمل سینسرز اور دیگر جدید آلات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ بنجر زمینوں کی بحالی اور پانی کی کمی کے مسائل کے حل کیلئے بین الاقوامی تعاون بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور انسانی سرگرمیوں کے باعث دنیا بھر میں زرخیز زمینیں صحراؤں میں تبدیل ہو رہی ہیں، جس کے تدارک کیلئے جدید زرعی نظام اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریزیلینٹ اینڈ انکلوسیو ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن (PRIAT) منصوبے کے تحت پانی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے جبکہ سولر سسٹم سے چلنے والے ہائی ایفیشنسی اریگیشن سسٹمز (HEIS) نصب کیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز کا نئے ہجری سال پر امن و خوشحالی کا پیغام

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نئے ہجری سال 1448 کے آغاز پر اپنے پیغام میں دعا کی کہ نیا اسلامی سال پاکستان، پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کیلئے امن، ترقی، خوشحالی اور برکت کا سال ثابت ہو۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ امام حسینؓ کا فلسفہ قربانی ہر دور کے مظلوم کیلئے حوصلے اور ظالم کے خلاف جدوجہد کا پیغام ہے۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران اختلافات سے گریز کرتے ہوئے تحمل، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے خصوصی سیکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

راولپنڈی واقعہ کا نوٹس

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی کے آئی جے پی روڈ پر سیوریج ڈرین میں بچے کے ڈوبنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعے کی لمحہ بہ لمحہ تفصیلات سے آگاہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button