محسن نقوی تہران پہنچ گئے، ایرانی وزرائے داخلہ و خارجہ سے اہم ملاقاتیں
پاک ایران تعلقات، علاقائی امن اور امریکہ ایران معاہدے کے بعد صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال
تہران (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے، جہاں ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
تہران آمد کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی صورتحال، پاک ایران تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے امریکہ ایران معاہدے کو خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ سفارتی اقدامات سے علاقائی استحکام کو مزید فروغ ملے گا۔
بعد ازاں وزیر داخلہ محسن نقوی ایرانی وزارت خارجہ پہنچے، جہاں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ان کا خیر مقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاک ایران تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال، امریکہ ایران معاہدے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں علاقائی امن و استحکام، سرحدی تعاون، سفارتی روابط کے فروغ اور مستقبل میں باہمی تعاون کے نئے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ ایران دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔



