پاکستانتازہ ترین

ٹیلی کام ٹاورز بل عوام کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ہے: حافظ نعیم الرحمان

لاہور (زبیر اسلم خان) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے ٹیلی کام ٹاورز کی تنصیب سے متعلق بل پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام کے بنیادی حقوق کے منافی قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ "گھر ہمارا مگر ٹاور لگے گا ٹیلی کام کمپنی کا، ورنہ 5 کروڑ روپے جرمانہ”۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے منظور ہونے والا یہ بل جاہلانہ بھی ہے اور غاصبانہ بھی، جو شہریوں کے حقوق پر ڈاکہ ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس قانون کی منظوری قومی اسمبلی میں موجود ارکان کی اہلیت اور قابلیت پر سوال اٹھاتی ہے، کیونکہ ایسے قوانین منظور کیے جا رہے ہیں جو آئینی اصولوں سے متصادم ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ معاملہ صرف رہائشی گھروں تک محدود نہیں بلکہ کھیل کے میدانوں اور پارکس میں بھی مقامی افراد کی رضامندی کے بغیر ٹیلی کام ٹاورز نصب نہیں کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ عوامی مفاد کے خلاف قانون سازی کے بعد آئی ٹی اور ٹیلی کام کی وزیر اور متعلقہ کمیٹی کے سربراہ کو اپنے عہدوں پر برقرار رہنا چاہیے یا نہیں؟

حافظ نعیم الرحمان نے زور دیا کہ شہریوں کے حقوق، نجی املاک کے تحفظ اور آئینی تقاضوں کو نظر انداز کرکے قانون سازی قابل قبول نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس معاملے پر نظرثانی کی جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button