لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 100 فیصد شفافیت اور 100 فیصد معیار ان کے طرز حکمرانی کا بنیادی اصول ہے۔ پنجاب کے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) میں ای ٹینڈرنگ کے ذریعے 80 ارب روپے کی مجموعی بچت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ویڈیو لنک جائزہ اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مریم نواز نے ہدایت کی کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں کھدائی کے بعد سڑکوں اور گلیوں کو کھلا چھوڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے سیوریج اور ڈرینج منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری فنڈز عوام کی امانت ہیں، ایک ایک پائی کی حفاظت اور بچت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
مریم نواز نے 30 جون تک تمام سیوریج اور ڈرینج پراجیکٹس مکمل کرنے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں، گلیوں اور محلوں میں کھدائی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں 8 لاکھ 38 ہزار 555 مین ہولز کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ مین ہولز پر نیٹ اور میش لگانے کا کام جاری ہے۔ مختلف شہروں میں 3 ہزار سے زائد مین ہولز پر حفاظتی جال نصب کیے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے چار شہروں میں پہلی مرتبہ ڈرین نالوں اور سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کی گئی، جس کے دوران 550 ٹن سے زائد سلٹ اور گارا نکالا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں 110 انڈر گراؤنڈ سیوریج ٹینک مکمل کیے جا چکے ہیں، جن کی مجموعی اسٹوریج صلاحیت 24.5 ملین گیلن ہے۔ جبکہ 2 لاکھ مین ہولز پر نئے کور اور ڈھکن بھی نصب کر دیے گئے ہیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں سیوریج نظام کی بہتری کے لیے جدید مشینری فراہم کی جا رہی ہے، جن میں 91 جیٹنگ مشینیں، 77 ڈی سلٹنگ مشینیں اور 100 ڈی واٹرنگ سیٹ شامل ہیں۔
پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 204 ارب روپے کی لاگت سے فیز ون اور فیز ٹو کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ 51 شہروں میں پروگرام تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
بریفنگ کے مطابق بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے 196 کلومیٹر طویل ڈرین سسٹم تیار کیا گیا، جبکہ 3497 کلومیٹر طویل سیور لائنوں کی صفائی مکمل ہو چکی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یوم پناہ گزیناں کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں بلکہ ایک کربناک مجبوری ہے۔ کوئی شخص شوق سے پناہ گزین نہیں بنتا، بلکہ زندگی بچانے کے لیے اپنا گھر اور اپنی مٹی چھوڑنے پر مجبور ہوتا ہے۔
انہوں نے فلسطین اور شام کے مہاجرین کی صورتحال کو انسانیت کے لیے بڑا امتحان قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود لاکھوں مہاجرین کی عزت و احترام سے میزبانی کی۔
مزید برآں مریم نواز نے بنوں میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دریائے جہلم میں ماں اور تین بچیوں کے ڈوبنے کے افسوسناک واقعے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے سرچ آپریشن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔



