پاکستانتازہ ترین

محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں: عظمیٰ بخاری

مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر خصوصی اقدامات، امن و امان، ٹریفک پلان اور عوامی سہولیات کا جائزہ

لاہور (بیورو چیف) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت فیصل آباد ڈویژن میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر بلال اکبر، کمشنر فیصل آباد، آر پی او، سی ٹی او، فیصل آباد ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے محرم الحرام کے دوران کیے جانے والے انتظامات پر بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ عاشورہ محرم کے موقع پر مساجد کے باہر نمازیوں کے لیے سبیلوں کا انتظام بھی کیا جائے تاکہ شدید گرمی کے موسم میں شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہے اور باہمی تعاون سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے حضرت سلطان باہوؒ کے عرس اور ضلع چنیوٹ میں ہونے والی شہادت کانفرنس کے لیے بھی جامع سکیورٹی اور انتظامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر موسم کی شدت کو کم کرنے کے لیے مسلسل ٹھنڈے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے گا، جبکہ اس مقصد کے لیے فیصل آباد میں سموگ گنز بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ شہریوں کو ٹریفک پلان، سکیورٹی انتظامات اور دیگر ضروری معلومات بروقت فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے ساتھ انتظامیہ کے افسران مسلسل رابطے میں ہیں اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر نے کہا کہ تمام مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی مناسب نفری تعینات کی جائے، جبکہ ٹریفک پولیس جلوسوں کے روٹس پر متبادل راستوں سے متعلق عوام کو بروقت آگاہی فراہم کرے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button