پاکستانتازہ ترینسپورٹس

ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ: پاکستان کی مسلسل تیسری شکست، بنگلا دیش نے 23 رنز سے ہرا دیا

لاہور (سلمان حسین) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا، بنگلا دیش ویمن ٹیم نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے دی۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بولرز نے شاندار آغاز فراہم کیا، فاطمہ ثنا نے اننگز کے دوسرے اوور میں پہلے دلارا اختر اور پھر شمیم اختر کو پویلین واپس بھیج دیا۔

بعد ازاں جویریہ فردوس بھی آؤٹ ہو گئیں، تاہم بنگلا دیش کی کپتان نگار سلطانہ اور سوبھانا موستری نے ٹیم کو سنبھالا اور اسکور کو 48 رنز تک پہنچایا۔ سوبھانا موستری 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جبکہ نگار سلطانہ نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلا دیش کی شورنا اختر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 39 رنز بنائے، جس کی بدولت بنگلا دیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 123 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کا آغاز بہتر رہا۔ منیبہ علی اور گل فیروزہ نے پہلی وکٹ کے لیے 49 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم گل فیروزہ 23 اور منیبہ علی 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔

ایک موقع پر پاکستان کا اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز تھا اور ٹیم مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی تھی، لیکن اس کے بعد بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہو گئی۔ پاکستان نے صرف 35 گیندوں پر 14 رنز کے اضافے کے دوران 6 اہم وکٹیں گنوا دیں۔

قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 100 رنز بنا سکی، یوں بنگلا دیش نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے دی۔

اس شکست کے بعد پاکستان ویمن ٹیم کو ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات مزید مشکل ہو گئے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button