پاکستانتازہ ترین

پری مون سون کی تباہ کاریاں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 9 افراد جاں بحق، لاہور میں آندھی بارش

پشاور، لنڈی کوتل، کوہاٹ، ژوب (ویب ڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے، جہاں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شدید بارشوں، سیلابی ریلوں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں رات گئے آندھی اور بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔


خیبرپختونخوا میں بارش اور آسمانی بجلی سے اموات

ضلع خیبر کے دور افتادہ علاقے بازار ذخہ خیل، نیکے شان خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے دو بچے جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق آسمانی بجلی زالیب گل نامی شخص کے گھر پر گری، جس کے نتیجے میں دو بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔

ضلع کرم کی لوئر تحصیل ہیڈکوارٹر صدہ میں مکان کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں ایک خاتون اور اس کا کمسن بیٹا جاں بحق ہوگئے۔


چترال میں سیلابی ریلوں سے بڑے پیمانے پر نقصان

چترال کے مختلف علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلوں نے وسیع پیمانے پر نقصان پہنچایا۔

سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں مکانات متاثر ہوئے، کئی گھر مکمل طور پر منہدم ہوگئے جبکہ متعدد کو جزوی نقصان پہنچا۔

سیلابی پانی میں مال مویشی، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی بہہ گئیں، جبکہ سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلوں اور باغات کو شدید نقصان پہنچا۔

متاثرہ فصلوں میں مکئی، دھان، جوار جبکہ باغات میں ناشپاتی، سیب، انگور، آڑو اور انار شامل ہیں۔


چترال میں رابطہ سڑکیں متاثر، پلوں اور مساجد کو نقصان

سیلابی ریلوں کے باعث دو مساجد، دو دکانیں اور ایک پل کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد دیہات کی رابطہ سڑکیں بہہ جانے سے آمدورفت متاثر ہوئی۔

چترال پشاور شاہراہ بھی بروز کے مقام پر کئی جگہوں سے متاثر ہوئی۔

تورکہو کے علاقے شاگرام میں دوسری جماعت کی طالبہ پیدل پل سے دریائے تورکہو میں گر گئی، جس کی تلاش جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لوئر چترال میں موسلا دھار بارش سے 27 مکانات متاثر ہوئے جبکہ چار گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی متاثر ہوئیں۔


بلوچستان کے ژوب میں طوفانی بارش، 3 افراد جاں بحق

بلوچستان کے علاقے ژوب شہر اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی۔

شدید بارش کے باعث نئی آبادی میں مکانات گرنے کے تین مختلف واقعات پیش آئے، جن میں ایک خاتون اور بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ تقریباً 10 افراد زخمی ہوگئے۔


لاہور سمیت پنجاب میں آندھی اور بارش

پری مون سون کے اثرات کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات گئے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو ممکنہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button