جائیداد سیل، مکمل طور پر محفوظ بنا دیا ،متروکہ وقف املاک بورڈ کی گوردوارہ سنگھ سبھا سے متعلق وضاحت

لاہور:(بیوروچیف)متروکہ وقف املاک بورڈ (ETPB) نے گوردوارہ سنگھ سبھا، گلہ منڈی، چورکنہ، شیخوپورہ کے مبینہ انہدام سے متعلق زیرِ گردش خبروں کی وضاحت جاری کر دی ہے۔
سرکاری ریکارڈ کے مطابق مذکورہ جائیداد متروکہ وقف املاک نمبر B-2-S6-23 کے نام سے درج ہے، جس کا کل رقبہ تقریباً 8 مرلے ہے اور یہ مختلف کرایہ داروں کے زیرِ قبضہ رہی ہے۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق مذکورہ گوردوارہ کئی دہائیوں سے غیر فعال ہے، جبکہ 1974ء سے یہ عمارت کمرشل اور رہائشی مقاصد کے لیے کرایہ داری کی بنیاد پر استعمال ہوتی رہی ہے۔
میونسپل کمیٹی شیخوپورہ نے عمارت کی خستہ اور خطرناک حالت کے پیشِ نظر دونوں کرایہ داروں کو نوٹسز جاری کیے تھے۔ بعد ازاں بعض کرایہ داروں نے مجاز اتھارٹی سے اجازت حاصل کیے بغیر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ازخود تعمیرِ نو کی کوشش کی۔
24 جون 2026 کو اطلاع موصول ہونے پر متروکہ وقف املاک دفتر شیخوپورہ نے فوری قانونی کارروائی کا آغاز کیا۔ متعلقہ افراد کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے اور تمام قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد 2 جولائی 2026 کو کرایہ داریاں منسوخ کرتے ہوئے بے دخلی کے احکامات جاری کر دیے گئے۔ بعد ازاں جائیداد کو واگزار کروا کر سیل کر دیا گیا ہے اور اسے مکمل طور پر محفوظ بنا دیا گیا ہے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ واضح کرتا ہے کہ اس وقت مذکورہ مقام پر نہ کسی قسم کی انہدامی کارروائی جاری ہے اور نہ ہی کوئی نئی تعمیر کی جا رہی ہے۔
سکھ برادری کے نمائندوں اور حکومتِ پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور نے موقع کا دورہ کیا، جہاں انہیں حقائق پر مبنی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ ضلعی حکام کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ قابلِ اطلاق قوانین اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے تقاضوں کے مطابق اس جائیداد کی بحالی، مرمت اور تزئین و آرائش کی منصوبہ بندی بھی کر رہا ہے۔
اس معاملے پر مبنی تفصیلی حقائق پر مشتمل رپورٹ وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، حکومتِ پاکستان کو معلومات اور ریکارڈ کے لیے ارسال کر دی گئی ہے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ اپنے زیرِ انتظام تمام مذہبی اور تاریخی ورثے کی املاک کے تحفظ، نگہداشت اور قانونی انتظام و انصرام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور کسی بھی غیر قانونی یا غیر مجاز سرگرمی کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائی جاری رکھے گا۔



