پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں
کھوکھلے نعروں ،جھوٹے دعوؤں کے بجائے عوام کی حقیقی ترقی پر یقین رکھتے ہیں:مریم نواز
وزیراعلیٰ کا راولپنڈی، اٹک، گجرات کے ڈپٹی کمشنرز کوبارش کے دوران ہی تیز ترین نکاسی آب آپریشن کا حکم، عالمی دن پرانسانی ہمدردی کا عزم
لاہور:(بیوروچیف) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مظفرگڑھ کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اورجنوبی پنجاب میں ترقیاتی پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے جنوبی پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی پراجیکٹس پر قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کوخراج تحسین پیش کیا۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے مظفر گڑھ میں الیکٹروبس اور صاف پانی پراجیکٹ شروع کرانے پر شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعوؤں کے بجائے عوام کی حقیقی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنا اولین ترجیح ہے۔
جنوبی پنجاب میں گزشتہ برس سیلاب آنے پر خود ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کی۔انہوں نے کہا کہ ہر پسماندہ اور محرومی کا شکار علاقوں کے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا سب سے بڑی خوشی ہے۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہر میگا پراجیکٹ کا آغاز جنوبی پنجاب سے کرکے شاندار مثال قائم کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بے لوث خدمت سے جنوبی پنجاب کے عوام کے دل جیت لئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے خصوصی توجہ دیکر پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی قسمت بدل دی ہے۔
فضل مل تا خانپور بگا شیر،ریلوے پھاٹک تا محمود ملز، جھنگ موڑ تا ترکی ہسپتال اور ریلوے پھاٹک تک الیکٹروبس سروس سے روزانہ ہزاروں لوگ مستفید ہورہے ہیں۔
چیف منسٹر لوکل روڈ پروگرام کے تحت ضلع مظفر گڑھ کی رابطہ سڑکوں کی تعمیرو مرمت سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی، اٹک اور گجرات کے ڈپٹی کمشنرز سے رابطہ کرکے بارش کے دوران ہی تیز ترین نکاسی آب آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بیشتر علاقوں میں بارشوں کے بعد چند ہی گھنٹے میں پانی کے نکاس پر شاباش دی اور بارش کے بعد نکاسی آب پر صورتحال پر رپورٹ طلب کر لی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے عوام کی سہولت کے پیش نظر نکاسی آب کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی اور نالہ لئی میں برساتی طغیانی کے پیش نظر بہترین حفاظتی اقدامات کا حکم دیا۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسانی ہمدردی کے عالمی دن پر پنجاب میں خدمت ِخلق،انسانی ہمدردی، انسانی عزت و وقار کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جنگ، قدرتی آفات میں متاثرہ انسانوں کی مدد کرنے والے امدادی کارکنوں اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹروں، نرسوں، ریسکیو اہلکاروں اور فلاحی کارکنوں کو سلام پیش کیا اور دنیا بھر میں ضرورت مند افراد تک امداد کی رسائی مزید موثر بنانے کی اپیل کی۔
انسانی ہمدردی کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ دوسروں کے لیے راحت، آسانی پیدا کرنا خدمتِ خلق اور عبادت ہے۔انسانیت کی خدمت کا جذبہ رنگ، نسل، مذہب اور ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہے۔انسانیت تمام رشتوں سے بالاتر اور سرحدوں سے آزاد ایک عظیم رشتہ ہے۔
امدادی کارکن جنگ زدہ علاقوں میں اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ امدادی کارکن صرف خوراک اور طبی سہولیات ہی نہیں پہنچاتے، بلکہ امید بھی بانٹتے ہیں۔انسانی امداد کا بنیادی مقصد کسی بھی تفریق کے بغیر ضرورت مند انسان تک بروقت مدد پہنچانا ہے۔
پاکستان کی لاکھوں افغان مہاجرین کی دہائیوں پر محیط میزبانی جذبہ انسانیت، مہمان نوازی اور باہمی تعاون کی اقدار کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ امن اور بحران کی صورتحال میں انسانیت کی اعلی اقدار کیلئے پنجاب حکومت شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔پنجاب حکومت کی کمزور طبقات کو تحفظ، معاونت اور باوقار زندگی گزارنے کے مواقع مہیا کررہی ہے۔



