انٹر نیشنلتازہ ترینجرم-وسزا
غزہ : اسرائیلی حملے،5 حماس رہنما،بچی ،سربراہ خواتین پولیس سمیت14 شہید
پولیس ہیڈکوارٹر زپر حملے میں 8 افسر شہید،اسرائیل جان بوجھ کر امن کوششوں کو سبوتاژ کر رہا ہے: حماس
غزہ:(ویب ڈیسک ) غزہ شہر کی بندرگاہ کے قریب ایک اسرائیلی ڈرون حملے میں کم از کم پانچ افراد شہید ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس حملے کے فوری بعد اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے شمالی غزہ کے علاقے الشاطہ میں حماس کے کئی رہنمائوں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ایک اجلاس میں موجود تھے۔
فوج نے ایک بیان میں دعوی کیا کہ جن افراد کو نشانہ بنایا گیا وہ غزہ کے اندر موجود اسرائیلی فوج کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، مزید کہا گیا کہ یہ فضائی حملہ فورسز کے سر سے خطرہ ٹالنے کے مقصد سے کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نےان رہنمائوں کی شناخت ظاہر نہیں کی جنہیں نشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا ہے اور نہ ہی حملے کے مکمل نتائج بتائے۔حملے کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیل غزہ میں ان تمام سرگرمیوں کے خلاف اقدامات جاری رکھے گا جنہیں وہ اپنے لیے خطرہ سمجھتا ہے، ان کا کہنا تھا منگل کو کی گئی کارروائی میں فوج نے یہی طریقہ کار اپنایا۔
دریں اثناء غزہ میں پولیس ہیڈکوارٹر زپر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں خواتین پولیس کی سربراہ سمیت 9افراد شہید ہوگئے۔غزہ کی وزارت داخلہ کے مطابق غزہ سٹی میں پولیس ہیڈکوارٹر پر ہونے والے سفاکانہ اسرائیلی حملے میں غزہ میں خواتین پولیس کی سربراہ کرنل فاتنہ السحار سمیت 8پولیس افسران شہید ہوگئے جبکہ ایک 13سالہ بچی بھی شہید ہوگئی۔
غزہ کی وزارت داخلہ نے ثالث سے مطالبہ کیا کہ وہ اس خطرناک اسرائیلی اشتعال انگیزی اور پولیس فورس کے خلاف ہونے والے قتل عام کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ سٹی میں پولیس ہیڈ کوارٹرز پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک نیا جنگی جرم قرار دیا ہے۔
حماس نےاسرائیلی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ جان بوجھ کر امن کوششوں کو سبوتاژ کر رہی ہے۔



