پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا، ترکیہ سے کم، بھارت کے برابر:علی پرویز
آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی: وفاقی وزیر کا کمیٹی اجلاس سے خطاب

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم جبکہ بھارت کے تقریباً برابر ہیں، مقامی ڈیزل کی پیداوار بڑھانے کے لئے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔
پٹرولیم نرخوں کے تعین کے نظام میں اصلاحات کے لئے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اہم اجلاس وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عالمی مارکیٹ کے تناظر میں پٹرولیم قیمتوں کے تعین کے مختلف طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے سفارش کی کہ اوگرا روزانہ پیلاٹس (platts) قیمتوں کا ڈیٹا ویب سائٹ پر جاری کرے تاکہ عوام کو قیمتوں کے تعین کا بینچ مارک معلوم ہو۔
اجلاس میں پٹرولیم پرائس سٹیبلائزیشن فنڈ کو قواعد پر مبنی، شفاف اور صوابدیدی فیصلوں سے پاک نظام کے تحت چلانے پر اتفاق کیا گیا، تیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن پر تمام اراکین کا اتفاق ہوا اور شفافیت بڑھانے پر زور دیا گیا۔
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی، کمیٹی کی ذمہ داری مزید اہم ہو گئی، کے پی ایم جی سٹڈی کے مطابق پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم جبکہ بھارت کے تقریباً برابر ہیں، مقامی ڈیزل پیداوار بڑھانے اور درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لئے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ مقامی ڈیزل پیداوار میں اضافہ پاکستان کی توانائی سلامتی کو مزید مضبوط بنائے گا، پٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی ہوگا جس کے بعد سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی،ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے لئے 6 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہونے کا امکان ہے، پٹرولیم ڈویژن نے 129 صفحات پر مشتمل سمری منظوری کے لئے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو بھجوا دی۔



